گیارہ فروری کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھرپور قوت کا مظاہرہ کرینگے، خواجہ حسن محمود و دیگر

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر و مرکزی رہنما نیشنل عوامی پارٹی خواجہ حسن محمود، سردار الطاف اور مشتاق احمد نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے نیشنل عوامی پارٹی کے کارکنان اور ریاست جموں کشمیر کے باسی بھرپور قوت کا مظاہرہ کرینگے، مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے کشمیر پر سامراجی قبضے اور غلامی اور استحصال کے خلاف جدوجہد کو جلا بخشی ہے۔

شہید کشمیر مقبول بٹ شہید نے کشمیر کی آزادی کی حقیقی آواز بن کر کشمیریوں کی ضمیروں کو نہ صرف جگایا بلکہ آزادی کےلئے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے کشمیریوں کےلئے آزادی کا ایک راستہ متعین کر دیا ہے۔ آج جموں کشمیر کے باسیوں کی آزادی، خوشحالی اور طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کا راستہ مقبول بٹ شہید کا بتایا ہوا راستہ ہی ہے۔

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور نیشنل عوامی پارٹی نے مقبول بٹ شہید کے فلسفہ آزادی کو اپناکر ایک لہو رنگ جدوجہد کی ہے۔ شہدائے چکوٹھی نے کنٹرول لائن کو اپنے پاﺅں تلے روند کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے مقبول بٹ شہید کی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا، آج ہم پر یہ فریضہ عائد ہوتا ہے کہ ہم ان شہداءکے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

گیارہ فروری کو برطانیہ بھر میں مقیم کشمیری، آزادی پسند اور ترقی پسند رہنما بھارتی ہائی کمیشن لندن کے سامنے احتجاج میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے نہ صرف شہید کشمیر اور شہدائے چکوٹھی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرینگے بلکہ کشمیر کی مکمل آزادی اور ایک طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد کو تیز تر کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کرینگے۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: