14 اور 22 اگست کو شہدائے وحدت ریاست امجدشہید اور بہزاد شہید کی برسی منائی جائیگی، فاران مشتاق

جموں‌کشمیر نیشنل سٹؤڈنٹس فیڈریشن (آزاد) کے مرکزی صدر فاران مشتاق نے کہا ہے کہ 14 اگست کو تراڑکھل میں امجد شہید کی برسی کے موقع پر جبکہ 22 اگست کو مظفرآباد میں بہزاد شہید کی برسی کے موقع پر “تقسیم ریاست جموں نامنظور” احتجاجی ریلیاں اور پروگرامات کیے جائیں گے۔

اپنے پریس ریلیز میں‌انکا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ریاست جموں کشمیر میں آباد تمام قومیتوں کے رضاکارانہ اتحاد میں یقین رکھتی ہے۔ ریاست جموں کشمیر کے قومی سوال کا حل اسی صورت ممکن ہے کہ بین الاقومیتی اتحاد اور اشتراک عمل کے اصول کو اپناتے ہوئے جدوجہد کو منظم کیا جائے۔ ایک آزاد خودمختار عوامی رپبلک کے قیام کے لیے ملک کی تمام منقسم اکائیوں میں آباد عوام کا ایک نئے جدید عمرانی معاہدے کے بنیاد پر متحد ہونا تاریخ کا ناگزیز تقاضا ہے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ریاست جموں کشمیر کے پاکستانی زیر انتظام اکائیوں گلگت بلتستان اور آزادکشمیر(پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر) کے مابین فکری و سماجی دوریوں کو ختم کرنے اور اعتماد سازی کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے 2007 میں گلگت بلتستان پیدل مارچ کا فیصلہ کیا۔

اس تاریخی مارچ میں امجد اور بہزاد کی قربانی ریاستی وحدت_ نو کی خاطر تنظیم کی غیر متزلزل جستجو اور جدوجہد کا جراتمندانہ باب ہے۔ خطے میں موجود سیاسی قوتوں کی فکری زوال پذیری اور شخصیت پرستی کے تنگ دائرے میں مقید و محدود عمل نے 5 اگست 2019 کے بعد سے ابھرنے والی عوامی تحریک کو بند گلی میں داخل کر دیا ہے۔ تحریک میں قیادت کا بحران فیصلہ کن سوال بن کر ابھر رہا ہے۔ مصلحت پسندی، ابہام، نظریاتی بانجھ پن اور معروض کے درست سائنسی تجزیے کی اہلیت سے عاری سیاسی قیادتیں بہت تیزی سے بے وقعت اور غیر متعلق ہو رہی ہیں۔ نوجوان نسل کے انقلابی شعور کی ترجمان جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی یہ اولین انقلابی ذمہ داری ہیکہ خطے کی نوجوان نسل کی وسیع پرتوں کو منظم کرتے ہوئے قومی انقلابی متبادل کا کردار ادا کرے۔

تمام کارکنان تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں تنظیم و تحریک کو منظم کرنے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔ آزادی کی جنگ کا مرکز محض شہر نہیں بلکہ یہ جنگ دیہاتوں اور قصبوں میں بھی لڑی جائے گی۔ بہت جلد تنظیم گاوں گاوں، قصبہ قصبہ ، شہر شہر نوجوانوں کو منظم کرنے کے لیے کمپین کا آغاز کرے گی۔

14 اگست کو تراڑکھل میں امجد شہید کی برسی کے موقع پر جبکہ 22 اگست کو مظفرآباد میں بہزاد شہید کی برسی کے موقع پر “تقسیم ریاست جموں نامنظور” احتجاجی ریلیاں اور پروگرامات کیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: