لندن: نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام گیارہ فروری کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج ہوگا

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کے صدر امجد اشرف اور جنرل سیکرٹری ساجد شاہین نے کہا ہے کہ گیارہ فروری یوم شہادت مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نہایت عقیدت و حترام کے ساتھ منایا جائیگا۔

اس موقع پر گیارہ فروری کو لندن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر تاریخی احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آزادی پسندوں کی آواز کو دبانے کےلئے انہیں قید و بند کی سزائیں دینے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا، جس میں برطانیہ اور یورپ بھر سے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے رہنما اور کارکنان بھرپور شرکت کرینگے۔

اس احتجاجی مظاہرہ میں یورپ اور برطانیہ میں مقیم تارکین وطن کشمیری اور آزادی پسند طبقے اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کی آزادی کی اس تحریک کو اجاگر کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ کشمیریوں کو ظالم و جابر غاصبوں سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ شہید کی جدوجہد و قربانی ہماری تاریخ کا تابناک باب ہے، شہید کشمیر کی جدوجہد ہر مظلوم انسان کی نمائندگی کرتی ہے۔

مقبول بٹ ایک نظریہ ساز قائد ، ایک مخلص مزاحمت کار اور ایک اعلیٰ دانشور تھے جنہوں نے اپنے وطن کی جبر و تسلط سے آزادی کا خواب دیکھا۔ اس خواب کی تکمیل کےلئے جدوجہد کی اور اسی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کشمیر مقبول بٹ شہید نے مادر وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے کشمیریوں کی اپنی منزل کا تعین کرنے میں انکی رہنمائی کی۔ شہید کشمیر مقبول بٹ کے نظریات و افکار کی روشنی میں تحریک آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

گیارہ فروری کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کے احتجاجی مظاہرہ میں تمام آزادی پسندوں کو شرکت کی دعوت ہے تاکہ اپنے قائد مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد کو منزل کی جانب پہنچانے میں اپنی آواز شامل کرتے ہوئے آزادی کے سفر میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ مقبول بٹ شہید اور شہداءچکوٹھی کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ بہت جلد شہداءکا لہو رنگ لائیگا اور ریاست جموں کشمیر مکمل آزاد و خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے ممالک میں شامل ہوگا۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: