پاکستانی زیر انتظام جموںکشمیر کی ترقی پسند و قوم پرست تنظیموںکے اتحاد پیپلز نیشنل الائنس کی کال پر اسمبلی سیکرٹریٹ مظفرآباد کی طرف احتجاج مارچ کے انعقاد کےلئے تمام اضلاع سے کارکنان کے قافلے دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئے ہیں. ہزاروں کی تعداد میں جموںکشمیر لبریشن فرنٹ، جموںکشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن، نیشنل عوامی پارٹی، پی این پی سمیت دیگر تنظیموں کے کارکنان یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میںجمع ہو رہے ہیں. یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد این ایس ایف کے سرخ پرچم اور لبریشن فرنٹ کے سہ رنگے پرچم لہرا رہے ہیں. یہ احتجاجی مارچ پی این اے کی جموںکشمیر چھوڑ دو تحریک کے ابتدائی مرحلے کا آخری پروگرام ہے. جس کے بعد تحریک کےلئے نئے شیڈول کا اعلان کیا جائیگا.
پاکستان مزدور کسان پارٹی کے رہنما پروفیسر تیمور الرحمان کی قیادت میںلال بینڈ کا گروپ انقلابی ترانے اورکلچرل پروگرام پیش کرنے کےلئے یونیورسٹی گراؤنڈ میںپہلے سے موجود تھا، رات بارہ بجے قافلوں کی مظفرآباد آمد کے فوری بعد شرکاء کو کھانا کھلایا گیاجس کے بعد کلچرل پروگرام کا آغاز کیا گیا، کلچرل پروگرام کے اختتام پر قائدین صبح مارچ کے شیڈول کا اعلان کریں گے. شرکاء مارچ رات یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں ہی گزاریںگے.
مظفرآباد میں مرکزی ترجمان افضال سلہریا، سابق صدور این ایس ایف راشد شیخ اور کامران بیگ کی قیادت میں جے کے این ایس ایف اور کے این پی کے کارکنان نے شرکاءمارچ کا انعقاد کیا. اور شرکاء مارچ کی مہمان نوازی کے فرائض سر انجام دیئے.

پاکستانی زیر انتظام جموںکشمیر کے مختلف اضلاع اور راولپنڈی اسلام آباد سے چیئرمین پیپلز نیشنل الائنس راجہ ذوالفقار احمد، چیئرمین جموںکشمیر لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ، جنرل سکرٹری پی این اے سردار لیاقت حیات خان، سپریم ہیڈ لبریشن فرنٹ رؤف کشمیری، مرکزی صدر این ایس ایف ابرار لطیف، سینئر وائس چیئرمین لبریشن فرنٹ راجہ مظہر اقبال ایڈووکیٹ، صدر این ایس ایف (آزاد) یاسر یونس، سیکرٹری جنرل این ایس ایف یاسر حنیف، سابق مرکزی صدر این ایس ایف توصیف خالق، سابق سینئر نائب صدر این ایس ایف خلیل بابر، سابق چیئرمین ایس ایل ایف احسان اللہ خان، سیکرٹری جنرل ایس ایل ایف دانش گلفراز، سابق چیف آرگنائزر این ایس ایف تنویر انور، سینئر نائب صدر این ایس ایف عزیر شفقت، ایڈیٹر عزم این ایس ایف التمش تصدق، شفقت رحیم داد، فاران مشتاق اور دیگر کی قیادت میں قافلے مظفرآباد پہنچے ہیں.
بائیس اکتوبر کو جامعہ کشمیر مظفرآباد اور ڈگری کالج مظفرآباد کے علاوہ گڑھی دوپٹہ اور ہٹیاں بالا سے جے کے این ایس ایف کے قافلے باسط باغی، حسنین راجہ، خواجہ مجتبیٰ اور دیگر کی قیادت میں یونیورسٹی گراؤنڈ پہنچیں گے، جبکہ دیگر شہروں سے بھی کچھ قافلے صبح مظفرآباد پہنچیںگے.
جاری کردہ شیڈول کے مطابق بائیس اکتوبر کو صبح گیارہ بجے یونیورسٹی گراؤنڈ سے احتجاجی مارچ کا آغاز کیا جائیگا. یہ احتجاجی مارچ اسملبی سیکرٹریٹ تک ہوگا، جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جلسہ کے بعد یہ مارچ اختتام پذیر ہوجائے گا.
جاری کردہ شیڈول کے مطابق اس مارچ کا مقصد جہاںبھارتی زیر انتظام جموںکشمیر میںجاری کرفیو، لاک ڈاؤن اور بھارتی فوجی جبر کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانا ہے. وہاں اس احتجاجی مارچ کے ذریعے پاکستانی زیر انتظام جموںکشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوںکو آئینی ، مالیاتی اور سیاسی حقوق کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، ہر دو اطراف گرفتار سیاسی رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، جبکہ ایکٹ 74، معاہدہ کراچی سمیت دیگر تمام سامراجی معاہدہ جات کو منسوخکرنے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، اس احتجاجی مارچ کے ذریعے اس خطے کے لوگوں کو روزگار، تعلیم، علاج اور انفراسٹرکچر کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا، جبکہ اس مارچ کے ذریعے تقسیم کشمیر کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کشمیریوںکو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیئے جانے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا.

پیپلز نیشنل الائنس کی قیادت نے اعلان کر رکھا ہے کہ اس احتجاجی مارچ کے ذریعے پاکستان، بھارت اور بالعموم دنیا بھر کے محنت کشوں، نوجوانوںاورترقی پسند رہنماؤں سے کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کی حمایت کی اپیل بھی کی جائے گی، طبقاتی بنیادوںپر جدوجہد کو دیگر مظلوم قومیتوں کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ جوڑتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کو منظم کرنے کی اپیل بھی کی جائے گی.
دوسری طرف حکومت نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں، پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، حکومتی وفد نے چیئرمین پی این اے سے مذاکرات کرنے کے دوران پر امن مارچ کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا رکھی ہے، جبکہ احتجاجی مارچ کے شرکاء کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے.
جبکہ مظفرآباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقامی انتظامیہ نے پی این اے کے ڈویژنل عہدیداران کو ایک مراسلہ کے ذریعے پیغام پہنچایا ہے کہ شرکاءمارچ کو اسمبلی کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ وہ اپر اڈہ میںاحتجاجی جلسہ منعقد کر سکتے ہیں.












16 تبصرے “پیپلز نیشنل الائنس کے قافلے مظفرآباد پہنچ گئے، یونیورسٹی گراؤنڈ میںانقلابی ترانوں کی گونج”