نائلہ خانین کی برسی کے موقع پر لندن میں‌تقریب، خدمات پر خراج عقیدت پیش

رپورٹ: تنویر اعظم

متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی سابق سینئر وائس چیئرپرسن محترمہ نائلہ خانین کی برسی کے موقع پر لندن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے شرکاء نے آغاز میں محترمہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے تقریب کا آغاز کیا۔

متحدہ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی کی سابق سینئر وائس چیئر پرسن محترمہ نائلہ خانین کی برسی کی یہ تقریب پارٹی کی برطانیہ برانچ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی تھی، برسی کی تقریب میں محترمہ کی دونوں صاحبزادیوں کے علاوہ پاکستان اور کشمیر سے تعلق رکھنے والی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی برطانیہ برانچ کے صدر عثمان کیانی، محترمہ کی صاحبزادی فاریحہ عتیق، تنویر زمان، اکرم قائم خانی، شبیر چوہدری، گل زمان، راشد علی، خالد حسین، زبیر حسین، آفتاب احمد ریحان، عاصم علی شاہ، ذوالفقار خان، عرفان اشفاق اور دیگر رہنماؤں نے محترمہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک میں خواتین کی شمولیت اور شرکت کی ایک توانا آواز کے طورپر محترمہ نائلہ خانین نے اپنی خدمات پیش کیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ نائلہ خانین نے ایک قبائلی معاشرہ میں جہاں خواتین کی سیاست کو معیوب سمجھا جاتا ہے، بالخصوص کشمیر کی مکمل آزادی، خودمختاری اور طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کے سیکولر نظریات کی بنیاد پر جدوجہد کو کسی بھی صورت تسلیم نہیں کیا جاتا، ایسے معاشرے میں محترمہ نے نہ صرف سیاست میں عملی شمولیت اختیار کی بلکہ دیگر خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت کی بھاگ ڈور اپنے ہاتھوں میں لے کر ثابت کیا کہ خواتین کو اگر موقع فراہم کیا جائے تو وہ مردوں کے برابر اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ نائلہ خانین کشمیری خواتین کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، کشمیری خواتین کو انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاسی عمل میں اپنی شرکت کو یقینی بنانا ہو گا۔ تاکہ نظریات کو سیکھتے ہوئے نہ صرف کشمیر کی حقیقی آزادی کیلئے خواتین کو منظم کیا جائے بلکہ قوم کی درست رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے کشمیر پر چھائے غلامی کے سائے ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کیلئے حتمی لڑائی کا آغاز کیاجا سکے۔