ایل این جی کیس: مفتاح اسمٰعیل کی گرفتاری کیلئے نیب کے چھاپے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب) کی ٹیم نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہیں ملے۔

واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مفتاح اسمٰعیل کے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کیے تھے۔
بتایا گیا جب نیب حکام مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تو انہیں اہلخانہ کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
نیب افسران خواتین اہلکاروں کے ہمراہ مفتاح اسمٰعیل کے گھر پہنچے تو انہیں صدر دروازے پر بھی روک دیا گیا۔
اہلخانہ کی جانب سے نیب افسران کو بتایا گیا کہ مفتاح اسمٰعیل گھر پر موجود نہیں ہیں اور گھر میں صرف مستورات ہیں۔
جس پر نیب افسران نے اصرار کیا کہ سابق وزیر خزانہ گھر پر موجود ہیں اور نیب اہلکار اپنے ہمراہ خواتین پولیس اہلکاروں کو ساتھ لائیں ہیں۔
بعدازاں نیب ٹیم کو گھر میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ نیب ٹیم نے مفتاح اسمٰعیل کے گھر میں تلاشی لی تاہم انہیں لیگی رہنما نہیں ملے۔
اہلخانہ کی جانب سے نیب ٹیم کو مزاحمت کا سامنا رہا
جس کے بعد نیب ٹیم مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کیے بغیر ہی روانہ ہوگئی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ نیب ٹیم کی جانب سے مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کے لیے اسمٰعیل انڈسٹری کے دفاتر پر بھی چھاپے مار رہی ہے۔
واضح رہے کہ نیب پہلے ہی ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرچکی ہے۔
نیب نے سابق وزیرپیٹرولیم شاہد خاقان عباسی کو تفتیش کے لیے طلب کر رکھا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے اس سے قبل نیب نے انہیں 8 مرتبہ طلبی کے نوٹس جاری کیے جس میں سے وہ 5 نوٹسز پر تفتیش کے لیے پیش ہوئے۔
ایل این جی کیس
یاد رہے کہ نیب انکوائری میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سوئی سدرن کیس کمپنی لمیٹٰڈ (ایس ایس جی سی ایل) اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کی انتظامیہ نے غیر شفاف طریقے سے ایم/ایس اینگرو کو کراچی پورٹ پر ایل این جی ٹرمینل کا کامیاب بولی دہندہ قرار دیا تھا۔
اس کے ساتھ ایس ایس جی سی ایل نے اینگرو کی ایک ذیلی کمپنی کو روزانہ کی مقررہ قیمت پر ایل این جی کی ریگیسفائینگ کے 15 ٹھیکے تفویض کیے تھے۔
نہ صرف شاہد خاقان عباسی بلکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھی اپنی مرضی کی 15 مختلف کمپنیوں کو ایل این جی ٹرمنل کا ٹھیکا دے کر اختیارات کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
شاہد خاقان کی گرفتاری حکومت اور نیب کی ملی بھگت ہے، شہباز شریف
ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی گرفتار
2016 میں مسلم لیگ (ن) کی دورِ حکومت میں نیب کراچی میں منعقدہ ریجنل بورڈ کے اجلاس میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف انکوائری بند کردی تھی۔
رواں برس 2 جنوری کو ای بی ایم نے اس وقت شاہد خاقان عباسی کے خلاف 2 انکوائریز کی منظوری دی تھی، جب وہ سابق وزیر پیٹرولیم اور قدرتی وسائل تھے، ان انکوائریز میں سے ایک ایل این جی کی درآمدات میں بے ضابطگیوں میں ان کی مبینہ شمولیت جبکہ دوسری نعیم الدین خان کو بینک آف پنجاب کا صدر مقرر کرنے سے متعلق تھی۔
تاہم شاہد خاقان عباسی کئی مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ایل این کی درآمد کے لیے دیے گئے ٹھیکے میں کوئی بے ضابطگی نہیں کی اور وہ ہر فورم پر اپنی بے گناہی ثابت کرسکتے ہیں اور یہ کہ 2013 میں ایل این جی برآمد وقت کی اہم ضرورت تھی۔
مارچ میں سابق وزیر اعظم ایل این جی کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوئے تھے، جس کے بعد احتساب کے ادارے نے ان پر سفری پابندی لگانے کی تجویز دی تھی۔
جس کے بعد رواں برس اپریل میں حکومت نے36 ارب 69 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل سمیت 5 افراد کے بیرونِ ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔
سابق وزیراعظم گزشتہ ماہ (جون ) میں بھی تفتیش کے لیے نیب میں پیش ہوئے تھے جس کے بعد نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ان کے خلاف جاری تفتیش کے پیشِ نظر بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔
تاہم شاہد خاقان عباسی نے نیب کی جانب سے مزید ریکارڈ طلب کیے جانے پر مہلت طلب کی تھی اور اس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ متعلقہ ریکارڈ ان کے پاس نہیں بلکہ وزارت پیٹرولیم کے پاس ہے۔