جموں کشمیر کو تقسیم کرنے والی کنٹرول لائن کے نیلم اور پونچھ سیکٹرز پرپاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلہ کے باعث پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کی حدود میں ایک بچہ ہلاک ہو گیا ہے جبکہ بچوں سمیت بارہ افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، فائرنگ کے باعث پانچ مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں، جبکہ مال مویشیوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع نیلم کے علاقوں شاردہ، چانگن، دودھنیال میں پاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلہ کے باعث ایک بچہ فیضان ولد فیاض میر سکنہ چانگن موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ بچوں سمیت نو افراد زخمی ہوئے اور تین مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ تاہم بھارتی زیر انتظام کشمیر سے کسی بھی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی، فائرنگ کا یہ سلسلہ شام پونے آٹھ بجے کے قریب شروع ہوا، دونوں اطراف شدید فائرنگ کی گئی۔

مقامی انتظامیہ کی طرف سے مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کی وجہ سے پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کی حدود میں ایک بچہ فیضان ولد فیاض میر سکنہ چانگن دم توڑ گیا، جبکہ نو زخمیوں میں فیاض میر ولد اکبر میر ساکن چانگن شدید زخمی، زاہدہ بی بی زوجہ فیاض میر سکنہ چانگن زخمی، محمد دین ولد گلزار میرسکنہ چانگن زخمی، آسیہ بی بی زوجہ محمد دین، اس میر ولد محمد دین، انجم بی بی دختر محمد دین، خالد میر ولد شفیع میر، حسیب اللہ میر ولد سلیمان میر، ملک طفیل ولد قلندر ملک ساکنان چانگن زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلہ میں محمد دین، فیاض میر اور قلندر ملک کے مکانات تباہ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ سات بجے کر پچاس منٹ پر شروع ہوا۔ مقامی صحافیوں کے مطابق موت کا شکار ہونے والے بچے کی عمر دس سال تھی۔
پونچھ سیکٹر تیتری نوٹ میں فائرنگ
فائرنگ کا سلسلہ پونچھ سیکٹر پر مسلسل دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا، ستھوال سیکٹر تیتری نوٹ میں دونوں فورسز کے مابین فائرنگ کے تبادلہ کے باعث تین شہری زخمی ہوئے جبکہ دو مکانات کو فائرنگ سے نقصان پہنچا ہے، فائرنگ کے باعث مال مویشی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی صحافیوں کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق تیرہ سالہ ظاہرہ، پندرہ سالہ صغریٰ بی بی، پچپن سالہ اجمل زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں دو خواتین شامل ہیں۔ گزشتہ روز ہونے والی فائرنگ کے نتیجہ میں بھی دو خواتین زخمی ہوئی تھیں، جبکہ پاکستانی فوجی جوان زندگی کی بازی ہارگیا تھا۔
زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کیلئے پہنچا دیا گیا ہے، جبکہ نیلم سیکٹر میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو مظفرآباد سی ایم ایچ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کنٹرول لائن پر دونوں ملکوں کی فورسز کے مابین فائرنگ کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہتا ہے جس کے نتیجے میں کنٹرول لائن کے علاقہ میں بسنے والے لاکھوں افراد کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں۔ گزشتہ دو روز سے فائرنگ کے دوران ایک بچہ ہلاک جبکہ چودہ مرد، خواتین و بچے زخمی ہو چکے ہیں، تاہم بھارتی زیر انتظام کشمیر میں میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا پر پابندیوں کے باعث فائرنگ کے تبادلہ کے باعث اس طرف ہونے والے نقصانات سے متعلق معلومات نہیں مل پا رہی ہیں۔












22 تبصرے “کنٹرول لائن: نیلم و پونچھ سیکٹرز پر پاک بھارت افواج کی فائرنگ، ایک ہلاک، 12افراد شدید زخمی، پانچ گھر تباہ”