پی ایس ایف کا پونچھ ڈویژن بھر میں طلبہ حقوق ریلیاں، پانچ اگست کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن نے پونچھ ڈویژن بھر میں طلبہ حقوق ریلیوں کے انعقاد اور پانچ اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سلسلہ میں جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن پونچھ ڈویژن کا تعارفی اجلاس راولاکوٹ مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر پی ایس ایف پونچھ ڈویژن حارث ہارون نے کی جبکہ اجلاس کے مہمان خصوصی مرکزی سیکرٹری جنرل پی ایس ایف سردار ریحان سلیم تھے۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض جنرل سیکرٹری پونچھ ڈویژن جنید خان نے سر انجام دیئے۔

اجلاس میں پونچھ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مرکزی عہدیداران جن میں مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل دانیال اعجاز، سیکرٹری ریکارڈ اجلال حیدر، چیئرمین پبلسٹی بورڈ عقیل عارف، چیئرمین سٹڈی سرکل متین آصف کے علاوہ ممبران سنٹرل کمیٹی، ڈویژن اور ضلع کے عہدیداران نے شرکت کی۔ تعارفی اجلاس میں تنظیمی امور کو زیر بحث لایا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایف پونچھ ڈویژن کے تمام اضلاع میں”طلباء حقوق“ احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کرے گی۔ اجلاس میں طلباءحقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیاگیا۔مقررین نے کہا کہ طلباءیونین جو نوجوانوں کی سیاسی و نظریاتی تربیت کی نرسری ہے اسکو بحال کیا جائے، نصاب کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے، پرائیویٹ تعلیم کے نام پر تعلیم کا کاروبار بند کرتے ہوئے تعلیم جو بنیادی انسانی حق ہے کو بلاتفریق ہر بچے اور نوجوان کو مفت فراہم کی جائے۔

مقررین نے کہا کہ ایک سال قبل 5 اگست کو فاشسٹ مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرتے ہوئے کشمیریوں پر ظلم، جبر اور کرفیو کے ذریعے بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی جس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ پی ایس ایف بھارتی مقبوضہ کشمیر کے محنت کش عوام اور لاکھوں نوجوانوں جو جدوجہد کے عملی مرحلے میں ہیں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کے لئے 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔

اجلاس میں پارٹی کے بنیادی سوشلسٹ منشور کی روشنی میں غیر طبقاتی اور استحصال سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے جہد مسلسل کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا جو اج کے عہد میں صرف اور صرف سائنسی سوشلزم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: