رہبر کمیٹی نے ملک بھر کی شاہراہوں پر جاری دھرنے ختم کرنیکا اعلان کردیا

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے ملک بھر میں شاہراہوں اور سڑکوں پر جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے کہا کہ ‘رہبر کمیٹی نے شاہراہیں اور سڑکیں بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہٰذا مظاہرین شاہراہیں اور سڑکیں فوری طور پر کھول دیں۔’

انہوں نے کہا کہ ‘عوام مہنگائی سے تنگ آچکے ہیں اور حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے، اپوزیشن متحد ہے جبکہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے حکومت بوکھلا گئی ہے۔’

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ ‘رہبر کمیٹی نے اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے ضلعی سطح پر جلسے کیے جائیں گے اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی مشترکہ جلسے کرے گی، وزیر اعظم عمران خان قوم پر ترس کھائیں اور گھر چلے جائیں۔’

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رہبر کمیٹی کے رکن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو رخصت کرنے میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کرنی جبکہ ہم منتخب جمہوری قیادت کو آگے آنے کا موقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور تمام اپوزیشن جماعتیں ضلعی سطح پر جلسے کریں گی۔