مدینہ منورہ: 90 لاکھ ریال سے زائد مالیت کی کیبل چوری کرنیوالا بیس رکنی پاکستانی گروہ گرفتار

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کی پولیس نے کیبل چور کرنے والے 20 پاکستانیوں کے گروہ کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے اب تک متعدد شہروں سے 90 لاکھ 70 ہزار ریال مالیت کی کیبل چوری کی ہے۔

اردو نیوز سعودی عرب کے مطابق کیبل چور گروہ نہ صرف زیر تکمیل حکومتی منصوبوں سے کیبل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا بلکہ منصوبوں پر کام کرنے والے افراد اور چوکیداروں پر حملے کرتا تھا، انہیں رسیوں سے باندھ کر تشدد کرتا تھا۔ گروہ کے افراد اپنے ہی ایک ساتھی کو قتل بھی کرچکے ہیں۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ پولیس کے ترجمان میجر حسین القحطانی نے بتایا کہ ’متعدد شہروں کی پولیس اس گروہ کی تلاش میں تھی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’گروہ کے افراد نے مدینہ منورہ، ینبع، مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور حائل میں 21 وارداتیں کی ہیں‘۔

گروہ کے افراد نے پیسوں کی تقسیم پر اختلاف کے باعث اپنے ساتھی کو قتل کیا، فوٹو: سبق

پولیس نے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ایک واردات کے بعد گروہ کے افراد نے پیسوں کی تقسیم پر اختلاف کے باعث جدہ میں اپنے ساتھی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو جلا کر دفن کر دیا تھا‘۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ’گرفتار افراد کی تعداد 20 ہے اور سب کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان کی عمریں 30 اور 40 کے درمیان ہیں‘۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ’تفتیش کے دوران گروہ کے افراد نے 21 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ گروہ ہائی وولٹیج کیبل چوری کرنے میں مہارت رکھتا تھا۔ اب تک مجموعی طور پر اس نے 90 لاکھ 70 ہزار ریال مالیت ک کیبل چوری کی ہے‘۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ’پولیس کو ایک عرصے سے اس گروہ کی تلاش تھی۔ متعدد شہروں کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کر کے اس گروہ کو گرفتار کیا‘۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: