بھارتی آئین کی دفعہ370کی منسوخی و کشمیر کی دو حصوں میں تقسیم کے خلاف کھائی گلہ میں احتجاجی ریلی و جلسہ

بھارت کی جانب سے اپنے زیر انتظام جموں کشمیرکی آئینی حیثیت میں تبدیلیوں اوردو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے بھارتی مرکز کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے نیم خودمختارانہ حیثیت و سٹیٹ سبجیکٹ کے خاتمے کے خلاف کھائی گلہ میں احتجاجی ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا، ریلی و جلسہ میں جے کے این ایس ایف، جے کے ایل ایف، جے کے پی پی، پی ایس ایف کے رہنماؤں کے علاوہ طلبہ، تاجران اور عوام علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء ہم کیا چاہتے آزادی ٗ ہے حق ہمارا آزادی ٗ تقسیم کشمیر نامنظور ٗ سٹیٹ سبجیکٹ رول بحال کرو ٗ غیر ملکی غاصبو چھوڑ دو کشمیر کو ٗ جبری ناطے توڑ دو کشمیر ہمارا چھوڑ دو کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء ریلی نے پورے شہرے کا چکر لگا اور بعد ازاں مین چوک کھائی گلہ جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئے۔

احتجاجی جلسے سے این ایس ایف کے مرکزی صدر ابرار لطیف ٗ نیپ کے مظہر آزاد ٗ جے کے پی پی کے لیاقت لائیق ٗ عامر شاہد ٗ پی پی پی کے رہنما وقار خورشید ٗ این ایس ایف دانش لیاقت اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض جے کے ایل ایف کے رہنما شاہد شریف نے سرانجام دیئے۔

مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کشمیریوں کی شناخت کو ختم کرنا ہے ہم پہلے بھی یہ سمجھتے تھے کہ کشمیر دو ممالک کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں جسے جب چاہا اپنے ساتھ ملا دیا جائے کشمیر کشمیروں کا ہے اور کسی ایکٹ کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔مقررین نے کہا کہ سٹیٹ سبجیکٹ رول کا خاتمہ سب سے پہلے پاکستان نے گلگت بلتستان میں کیا تھا جس پر بہت احتجاج ہوا تاہم اُس وقت بھی اس احتجاج کو نظر انداز کر دیا گیا تھا اگر اُس وقت پاکستان گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کوختم نہ کرتا تو آج بھارت کو یہ گھناؤنا عمل کرنے کی جرأت نہ ہوتی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر میں جو ظلم و بربریت کا کھیل کھیلا جارہا ہے وہ انتہائی بھیانک ہے اگر آج بھی کشمیری متحد و منظم نہ ہوئے تو مستقبل میں ان کی شناخت ختم کر دی جائے گی اور کشمیر کو مستقل تقسیم کر دیا جائے گا اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ آج تمام باغیرت اورمحب وطن کشمیری متحد ہو کردھرتی کی تقسیم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں اور غیر ملکی افواج کے انخلا اور اپنی آزادی کے لئے متحد ہو جائیں۔مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی امن کے ٹھیکیداروں کی کشمیر سے متعلق خاموشی یہ واضح کرتی ہے کہ وہ عالمی سامراج کے ٹاؤٹ ہیں۔مقررین نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے اور اُسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے دیئے ہیں اور شہیدوں کا لہو ایک دن صبح آزادی کی نوید لے کر ضرور طلوع ہوگا۔