سپورٹس کمپلیکس راولاکوٹ میں مسلح تصادم، خنجر لگنے سے نوجوان کی موت ہوگئی

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں واقع خان اشرف خان سپورٹس کمپلیکس کے فٹ بال گراؤنڈ میں نوجوانوں‌کے مابین مسلح تصادم کے نتیجے میں‌خنجر لگنے سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا ہے.
واقعہ ہفتہ کے روز شام سات بجے کے بعد پیش آیا، گرین ٹاؤن راولاکوٹ کا رہائشی عرفان جلیل تصادم کے دوران خنجر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا جسے شیخ‌زید ہسپتال راولاکوٹ منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں‌کی تاب نہ لا سکا اور جان کی بازی ہار گیا.
ایس ایچ او تھانہ پولیس راولاکوٹ سردارمحمد اعجاز خان نے روزنامہ مجادلہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مقتول نوجوان کی نعش پولیس تحویل میں‌لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق سپورٹس کمپلیکس کے فٹ بال گراؤنڈ میں‌ نوجوانوںکے درمیان تصادم ہوا جس میں عرفان جلیل ولد محمد جلیل سکنہ گرین ٹاؤن کی ہلاکت ہوئی ہے، جبکہ خنجر مارنے والے مرکزی ملزم اوبامہ مشتاق ولد محمد مشتاق کا تعلق بھی راولاکوٹ نزد سرکٹ ہاؤس سے ہے.
وقوعہ میں ملوث دیگردو ملزمان کے نام بلال اور عاقب بتائے جا رہے ہیں.
ایس ایچ او راولاکوٹ کے مطابق واقعہ کی رپورٹ درج کر کے تحقیقات کا آغازکر دیاگیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کےلئے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں.
مقتول عرفان جلیل گرین ٹاؤن راولاکوٹ کا رہائشی تھا اورایک مقامی کیبل ٹی وی نیٹ ورک کےساتھ ملازمت کرتا تھا، مقتول فٹ بال کا کھلاڑی بھی تھا اورمقامی فٹ بال کلب کی بھی نمائندگی کرتا تھا. مقتول کی نماز جنازہ اتوار کے روز ادا کی جائیگی.