انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ کی تیاریوں‌کا جائزہ: 80 بین الاقوامی کھلاڑی رجسٹریشن کراچکے، 150کی شرکت متوقع ہے، سیکرٹری سیاحت

پاکستان انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ 2019 کی انتظامیہ کمیٹی نے جمعرات کے روز سیٹیلائیٹ ٹاﺅن لنگرہ پورہ، ٹھوٹھہ، ائیرپورٹ اور سراں کا دورہ کیا اور انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ کے انعقاد کے حوالہ سے جگہوں کا معائنہ کیا۔
انتظامیہ کمیٹی سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری ، پاکستان ہینڈ گلائیڈنگ پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر سید سجاد حسین شاہ ، چیئرمین مظفرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک ایاز، ڈائریکٹر جنرل سیاحت ارشاد احمد پیزادہ ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز ، اسسٹنٹ کمشنر عفت اعظم اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے آفیسران کے علاوہ پرائیویٹ فرم پاکستا ن ہینگ گلائیڈنگ پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے نمائندگان پر مشتمل تھی۔ انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ 27ستمبر سے یکم اکتوبر تک دارالحکومت مظفرآباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں 150سے زائد پیراگلائیڈرز کی شرکت متوقع ہے۔
پراکستانی زیر انتظام کشمیر کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح کا یہ ایونٹ آزادکشمیر میں منعقد ہورہا ہے جس میں 150کے قریب انٹرنیشنل پیراگلائیڈرز شرکت کریںگے۔ انہوں نے کہاکہ اب تک 80کے قریب انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ۔ آج کے دورہ کا مقصد اس ایونٹ کے سیکورٹی کے پلان ، ٹریفک پلان اور دیگر انتظامات کے لیے جگہوں کا معائنہ کرنا ہے تاکہ ایونٹ کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے ۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ ایونٹ ائیرپورٹ مظفرآباد کے مقام پر منعقد ہو گا جبکہ پیراگلائیڈنگ کےلئے سراں کے مقام پر کیمپ لگایا جا ئے گا۔
اس ایونٹ کے دوران سکائی ڈائیونگ ، گھڑ ڈانسنگ شو، میوزیکل نائیٹ ، کرکٹ ، روایتی مقامی کھیل ، سٹالز اور دیگر مقابلہ جات بھی ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ اس ایونٹ سے نہ صرف سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ آزادکشمیر کے روایتی کھیلوں اور ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کروانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کےلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایونٹ پاکستان ہینگ گلائیڈنگ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن اورحکومت آزادکشمیر کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے جس میں 50سے زائد ممالک کے 150کے قریب کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے ۔ ایونٹ میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے خصوصی دستے بھی شرکت کرینگے اور اپنے اپنے روایتی فنوں کا مظاہرہ کرینگے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہینڈ گلائیڈنگ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر سید سجاد حسین شاہ نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کے تعاون سے پاکستان ہینڈ گلائیڈنگ پیرا گلائیڈنگ ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں انٹرنیشنل پیراگلائیڈنگ کپ کا انعقاد کررہی ہے ۔ اس ایونٹ میںامریکہ ، یورپ ، مڈل ایسٹ اور چائنہ سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑی شریک ہونگے۔ اس میگا ایونٹ میں شرکت کرینگے جس کے دوران مظفرآباد ایک گلوبل ویلج کا منظر پیش کریگا ۔ ایونٹ کی میزبانی آزاد کشمیر حکومت اور کلبز مشترکہ طور پر کرینگے ۔ ایونٹ کی مانیٹرنگ اور ایمپائرنگ بین الااقوامی ایمپائر کرینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالہ سے پیرا گلائیڈنگ کے ورلڈ چیمپیئن آزاد کشمیر کچھ عرصے بعد تشریف لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس ایونٹ میں بین الاقوامی سپورٹس جرنلسٹس نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔