کنٹرول لائن پرپاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میںپاک فوج کا ایک جوان ہلاک، جبکہ کنٹرول لائن کے دونوںاطراف خواتین سمیت پانچ سویلین شہری زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میںایک پنچائت ممبرمبینہ طورطور پر مارٹر گولے کے دھماکے کی آواز سننے سے ہارٹ اٹیک کے باعث ہلاک ہو گیا ہے.
دونوں اطراف سے افواج نے ایک دوسرے پر فائرنگ کے الزامات عائد کئے ہیں.
راولپنڈی سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے حوالدار منظور عباسی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے بٹل، ستوال، خنجار، نکیال اور جنڈروٹ سیکٹر پر راکٹ اور مارٹر گولے برسائے جہاں سویلین آبادی اور فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے حوالدار منظور عباسی شہید ہوگئے جبکہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے دو لڑکیوں اورخاتون سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔
مقامی صحافیوں اور آبادیوں کی فراہم کردہ معلومات:
تتہ پانی اور بٹل کی مقامی آبادیوںاور صحافیوں کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع کیا گیا، فائرنگ کے باعث دو بچیوں اور ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوئے جبکہ مال مویشیوںکی ہلاکتوںکے علاوہ مکانات اور املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچاہے. فائرنگ کے باعث مقامی آبادیوںمیںخوف و ہراس پایا جاتا ہے.
زخمیوں میں محمد یامین ولد محمد صادق سکنہ بٹل، ابو بکر ولد قاضی بشیر سکنہ کتھیاڑہ ڈونگہ سامل ہیں جبکہ ایک خاتون اور دو بچیوںکے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں. زخمیوںکو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ہجیرہ منتقل کیا گیا جہاں انکا علاج معالجہ جاری ہے.
بٹل ڈھپ کے رہائشی محمد نوید کا مکان مارٹر گولہ لگنے سے تباہ ہو گیا، منڈھول چھتروٹہ کے رہائشی سائیں شعیب سمیت دیگر افراد کے مویشیوںکے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں.

بھارتی زیر انتظام کشمیر کے میڈیاکا موقف:
بھارتی زیر انتظام کشمیر کے میڈیا کے مطابق پاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجہ میںایک سویلین زخمی ہوا ہے، زخمی ہونے والا ظفر اللہ خان مقامی پنچائت کا نائب سرپنچ ہے، جبکہ ایک پنچائت ممبر منظور حسین ولد جمعہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث اسوقت انتقال کر گیا جب اس کے گھر کے قریب ایک مارٹر گولہ گرا.
بھارتی میڈیا کہ مطابق ایک پولیس ذمہ دار نے بتایا کہ صبح نو بجے ضلع پونچھ کے مینڈھر، مانکوٹ اور کے جی سیکٹرز پرپاکستانی افواج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہلکے اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ اور مارٹر شیلنگ کی اور بھارتی فوجی چوکیوںاور سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا.
ڈپٹی کمشنر پونچھ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثر ہونے والی سول آبادی کی بحالی کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، فائرنگ شروع ہوتے ہی سول آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا، جبکہ زخمی ہونے والے شخص کا علاج معالجہ سرکاری سطح پر کروایا جا رہا ہے.
واضح رہے کہ کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کا یہ سلسلہ گزشتہ ایک لمبے عرصے سے تواتر کے ساتھ جاری رہتا ہے، دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے جاتے ہیں، بعض اوقات فائرنگ کے سلسلے میںتیزی آجاتی ہے اورپھر کچھ عرصہ کےلئے یہ سلسلہ رکتا بھی رہا ہے. لیکن 2010ء میں بھارتی زیرانتظآم کشمیر میں نوجوانوں کی جانب سے شروع کی جانے والی سیاسی تحریک کے بعد کنٹرول لائن پر دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ دوبارہ زور و شور سے شروع کر دیا گیا تھا.
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ہزاروں نفوس دونوںاطراف زندگیاںگنواء چکے ہیں، سیکڑوں فوجی اہلکاروں کی اموات ہو چکی ہیں، ہزاروںکی تعداد میںکنٹرول لائن کے دونوںاطراف کے باسی فائرنگ کی زد میں آکر معذور ہو چکے ہیں، جبکہ اتنی ہی تعداد گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہوئی ہے، مکانات، مال ، مویشی اوردیگر املاک کا بھاری نقصان ہو چکا ہے.












18 تبصرے “کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ، ایک پاکستانی فوجی جاںبحق، پانچ سویلین زخمی”