گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور ضلعی انتظامیہ 5اگست تک گڈز ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل نہ کیے اور ٹرانسپورٹروں سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد نہ کیا تو 6اگست سے پورے پونچھ ڈویژن میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کریں گے اور یہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک گڈز ٹرانسپوٹروں کے مسائل حل کرنے کیلئے عملی طور پر اقدامات نہیں کر لیے جاتے، اس پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے تاجران، ٹرانسپورٹروں اور دیگر ٹریڈ یونینز کو بھی اپنے ساتھ شامل کیاجائے گا۔
ان خیالات کااظہار گڈز ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن ضلع پونچھ کے سنیئر نائب صدر عمران سجاق، جنرل سیکرٹری فیاض صابر، سیکرٹری مالیات عرفان رحیم نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 6اگست کو گڈز ٹرانسپورٹ پونچھ ڈویژن میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کرئے گی انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ضلعی انتظامیہ سے مذکرات میں مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر موخر کیا گیا تھا لیکن ضلعی انتظامیہ کئی دن گزر جانے کے باوجود کوئی اقدامات نہ کر سکی۔
ٹرانسپورٹرز کے مسائل کیا ہیں:
پریس کانفرنس میں ٹرانسپورٹ عہدیداران نے کہا کہ گڈ ز ٹرانسپورٹ کو بار ہا یقین دہانی کروائی گئی کہ وزن کی پیمائش کے لیے جلد کانٹے نصب کیے جائیں گئے لیکن کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بھی گڈز ٹرانسپورٹروں سے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے لیکن گڈز ٹرانسپورٹ کو شہر کے اندر پارکنگ تک کی سہولت میسر نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ کہوٹہ پولیس بھی آزاد کشمیر کے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ مکمل طور پر جانبداری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بھاری جرمانے کر رہی ہے جبکہ پاکستان سے آنے والی اوور لوڈ گاڑیوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ اوولوڈ گاڑیوں کی وجہ سے ہماری سڑکیں جلد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائیں گی۔
ٹرانسپورٹر ضلعی انتظامیہ سے تعاون کو تیار ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اور گزشتہ تقریباًایک سال سے گڈز ٹرانسپورٹروں کے مختلف حیلے بہانوں سے ٹرخایاجارہا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے کئی بار وعدے کیے لیکن وہ وعدے پورے نہیں کر سکی۔ضلع کونسل کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹروں پر لگائے جانے والے ٹیکسز ٹرانسپورٹروں کسی صورت ادا نہیں کریں گے۔ٹرانسپورٹروں کو سہولت دینے کے بعد ان سے مزید ٹیکسز وصول کیے جائیں، لیکن ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹروں کو سہولیات دینے کے بجائے ان پر بے جاٹیکسز عائد کررہے ہیں، ٹرانسپورٹروں پر عائد ہونے والے ٹیکسز سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا جس سے براہ راست عام آدمی متاثر ہو گا۔ پونچھ ڈوثیرن کی انتظامیہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانسپورٹروں کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ورنہ پہیہ جام ہڑتال کے بعد کسی بھی قسم کی یقین دہانی کو نہیں مانا جائے گا اور یہ ہڑتال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک گڈز ٹرانسپورٹروں کے مطالبات کوپورا نہیں کر دیاجاتا۔ اگر ہمارئے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو گڈز ٹرانسپورٹر اپنی گاڑیوں سمیت وزیر اعظم ہاوس مظفر آباد کا رخ کریں گئے جس کی تمام تر ذمہ دارای ضلعی انتظامیہ پونچھ پر ہو گی۔












17 تبصرے “گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے چھ اگست کو پونچھ ڈویژن میں پہیہ جام کا اعلان کردیا، ٹیکسز کا بوجھ عام آدمی پر پڑیگا، عہدیداران کی پریس کانفرنس”