پاکستانی کشمیر: آٹھ مقامات پر یوم مزدور کی علامتی تقریبات کا انعقاد

پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں آٹھ مقامات پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر علامتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے کہیں بھی بڑا جلوس منعقد نہیں کیا گیا۔ جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے رہنماﺅں نے شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہداءکی لہو رنگ جدوجہد کو جدید عہد کے تقاضوں کے مطابق حتمی فتح تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے دوران ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، آن لائن کلاسز کے نام پر کھلواڑ کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ہر طرح کی تعلیمی فیسیں فوری معاف کرنے، لاک ڈاﺅن کے متاثرین کو راشن اور مالی امداد دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا۔ کنٹرول لائن پر دونوں اطرف سے جاری فائرنگ اور کشمیریوں کے قتل عام کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ ایک وائرس نے سرمایہ دارانہ نظام کی اصلیت کو محنت کشوں اور نوجوانوں کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ محنت کشوں ، طالبعلموں اور نوجوانوں کی بقاءصرف اور صرف سوشلزم کے سائنسی نظریات پر مبنی جدوجہد کے ذریعے اس نظام کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے ایک طبقات سے پاک معاشرے کے قیام میں ہی مضمر ہے۔

مظفرآباد میں علامتی احتجاج
پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ علامتی احتجاج کے موقع پر سابق مرکزی صدر جے کے این ایس ایف راشد شیخ ، پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما طارق چغتائی، این ایس ایف کے رہنما مروت راٹھور، پی ٹی یو ڈی سی رہنما اویس علی، راجہ نصیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

راولاکوٹ میں علامتی احتجاج
راولاکوٹ میں این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم مزدور کے حوالے سے سیمینار اور علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے سابق صدر این ایس ایف بشارت علی خان، پی ٹی یو ڈی سی کے ضلعی آرگنائزر عمر شفیع، بلال آمین، التمش تصدق، بدر رفیق اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

کھائی گلہ میں علامتی احتجاجی پروگرام
کھائی گلہ شہر میں این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا، اس علامتی احتجاج سے مرکزی صدر این ایس ایف ابرار لطیف، پی ٹی یو ڈی سی رہنماﺅں جنت حسین، کامریڈ فاروق، واجد خان، زاہد اقبال ایڈووکیٹ، ریاض بلوچ، این ایس ایف کے رہنما وقاص بشیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

علی سوجل میں علامتی احتجاجی پروگرام
علی سوجل کے مقام پر این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام سے سابق چیف آرگنائزر جے کے این ایس ایف تنویر انور، چیئرمین چیئرمین شعبہ نشرواشاعت شفقت رحیم داد اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

ہجیرہ میں علامتی احتجاج
ہجیرہ میں جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی احتجاج کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام سے ڈپٹی سیکرٹری مالیات این ایس ایف کامریڈ ارسلان شانی، کامریڈ اسامہ، عثمان عزیز اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

سہنسہ کوٹلی میں علامتی احتجاج
سہنسہ کوٹلی میں بھی پی ٹی یو ڈی سی اور این ایس ایف کے زیر اہتمام یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا، اس احتجاجی پروگرام سے کامریڈ یاسر لاہوری اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پلندری میں علامتی احتجاج
پلندری میں پی ٹی یو ڈی سی اور این ایس ایف کے زیر اہتمام علامتی احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا، اس پروگرام میں پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے رہنما کامریڈ عبدالواحد، سعد جمال ناصر اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔

داتوٹ میں علامتی احتجاج
داتوٹ میں جے کے این ایس ایف اور پی ٹی یو ڈی سی کے زیر اہتمام شوکت آباد بازار میں یوم مزدور کے سلسلہ میں علامتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام سے سابق سینئر نائب صدر این ایس ایف خلیل بابر، کامریڈ ذوالفقار شبیر، عادل بشیر اور اسد انور نے خطاب کیا۔