کینیڈا میں‌مقیم ترقی پسند رہنماؤں نے پی این اے کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

کینیڈا میں مقیم آزادی و ترقی پسند سیاسی کارکنوں خضر حیات ، خورشید ریشم ، شکیل قمر ، سردار نعیم خان ، سردار اسد قیوم اور ماسٹر سردار زاہد خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر کی قوم پرست اور ترقی پسند سیاسی جماعتوں کے اتحاد پیپلز نیشنل الائنس کے قومی آزادی کے بیانیہ ”جو جس کے زیر قبضہ ہے اس کے خلاف جدوجہد کرے” کو درست قومی بیانیہ سمجھتے ہوے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے.

انہوں نے کہا ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے چاروں حصوں کی آزادی پسند قوتوں کو اپنے اپنے حصے میں قابض ممالک کے خلاف جدوجہد کو منظم کرنا پڑے گا. تب ہی ریاست کی آزادی اور اتحاد ممکن ہو سکے گا.

انہوں نے مزید کہا کہ غلام قوم کی زندگی میں ایک ایسا موڑ اور مقام آتا ہے جب من حیث القوم یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ اسےقوموں کی صف میں ایک باوقار اور آزاد قوم کی حثیت سے شامل ہونا ہے یا دوسری قوموں اور ریاستوں میں تحلیل ہو کر اپنی شناخت مٹا کر گمنامی کی زندگی گزارنی ہے ریاست جموں کشمیر کے پونے دو کروڑ لوگوں کے لئے اس وقت یہی مقام ہے جب انہوں نے یہ فیصلہ کرنے کے لئے سنجیدہ ہونا ہے یا ٹوٹ کر تحلیل ہونا ہے.

انہوں نے کہا ہے کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں PNA ہی ایسا اتحاد ہے جس کو مظبوط کر کہ قومی آزادی کی لڑائی کو فتح یاب کیا جا سکتا ہے۔ ایک طرف ہندووستان اور پاکستان نے ریاست جموں کشمیر کی بندر بانٹ پر اتفاق کر لیا ہے تو دوسری طرف مقامی حکمران ایک بار پھر کاسہ لیسی کرتے ہوئے اپنی اپنی نوکریاں پکی کرنے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایک عرصے سے جموں کشمیر کی کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں تھے لیکن اب ہماری ریاست کو تحلیل کرنے اور ہماری قومی شناخت کو مٹانے کی کوشش ہو رہی ہے تو ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم کسی ایسے پلیٹ فارم کے ساتھ کھڑے ہو کر اسے مظبوط کریں جو ان سازشوں کے خلاف قوم کو منظم کر سکے اس کے لئے پی این اے کی صورت میں جو اتحاد تشکیل پایا ہے جس میں تمام سنجیدہ قوم پرست اور ترقی پسند جماعتیں موجود ہیں یہی اتحاد ریاست کی مستقل تقسیم کے خلاف جدوجہد منظم کر سکتا ہے اس لیے ہم نے اس اتحاد کا حصہ بنتے ہوئے قومی آزادی کی فیصلہ کن جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے کہ فیصلہ کیا ہے.

انہوں نے دنیا بھر میں موجود آزادی پسند ریاستی باشندوں سے اپپل کی کہ وہ اس اہم موڑ پر اس پلیٹ فارم کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعلان کر کہ قابض قوتوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کو یہ پیغام دیں کہ وہ اپنے مذموم مقاصد اور سازشوں سے باز رہیں.