لندن کے میئر صادق خان نے بھارت مخالف کشمیری مظاہرہ رکوانے کےلئے تحریک کر دی

برطانیہ کے شہر لندن کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں لندن میں دیوالی کے موقعے پر انڈیا مخالف مارچ کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مارچ روکنے کی تحریک کر دی ہے۔

صادق خان جو پاکستانی نژاد ہیں‌اور انکی کامیابی پر پاکستان میں‌جشن منایا گیا تھا، نے کہا کہ اس سے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مختلف طبقات میں تفریق پھیلے گی۔ صادق خان نے منتظمین اور اس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھنے والے افراد سے ریلی منسوخ کرنے کی اپیل کی ہے۔

کشمیر کے مسئلہ پر منعقد ہونے والے مارچ کے منتظمین نے ریلی کے لیے اجازت طلب کی تھی۔ اس احتجاجی ریلی میں پانچ سے دس ہزار افراد لندن میں قائم انڈین ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے والے تھے۔

لندن کی اسمبلی کے انڈیا نژاد رکن نوین شاہ کے خط کے جواب میں پاکستانی نژاد لندن کے میئر صادق خان کی جانب سے ایک خط جاری کیا گیا ہے۔ اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ‘دیوالی کے موقعے پر لندن میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے سامنے ہونے والا احتجاج مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔’

صادق خان نے خط میں لکھا: ‘جب لندن کے عوام کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے ایسے میں احتجاجی مارچ تفریق کا باعث بنے گا۔ جو بھی اس ریلی کے منتظم ہیں اور جو اس میں شریک ہونا چاہتے ہیں وہ ایک بار پھر سوچیں۔’

یہ خط لندن کے میئر کی جانب سے 18 اکتوبر کو جاری کیا گیا ہے۔

صادق خان نے لکھا: ‘جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ مظاہرے پر پابندی لگانے کا حق وزیر داخلہ کے پاس ہوتا ہے۔ میں یہ خط وزیر داخلہ پریتی پٹیل اور میٹرو پولیٹن پولیس کمشنر کریسیڈا ڈک کو بھی بھیج رہا ہوں تاکہ وہ اس مارچ کے بارے میں ہماری تشویش کو سمجھ سکیں۔’

نوین شاہ نے اپنے خط میں 15 اگست کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پرتشدد تصادم کا بھی ذکر کیا ہے۔

اس کے متعلق صادق خان نے لکھا: ‘میں برطانوی ہندوستانیوں کی تشویش کو سمجھتا ہوں۔ بہت سے لوگ ہندوستانی ہائی کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہروں سے خوفزدہ ہیں۔ میں لندن والوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جو بھی غیر قانونی کام کرے گا وہ اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کے مطابق ، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان بھی اس احتجاج میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اس ریلی کو فری کشمیر ریلی کا نام دیا گیا ہے۔

نوین شاہ نے 17 اکتوبر کو لندن کے میئر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اپنے علاقے کے عوامی نمائندوں اور ان تنظیموں کی طرف سے لکھ رہے ہیں جنھوں نے دیوالی کے موقعے پر بھارت مخالف ریلی کو روکنے کے لیے مجھ سے رجوع کیا تھا۔

نوین شاہ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ لوگوں نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ دیوالی کے موقع پر انڈیا مخالف مارچ مکمل طور پر غیر حساس ہے۔ نوین شاہ نے اپنے خط میں لندن کے میئر کے علاوہ میٹرو پولیٹن پولیس چیف اور برطانیہ کی وزیر داخلہ پریتی پٹیل کو بھی ٹیگ کیا ہے۔