لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کونسل کے دو ارب پینتیس کروڑ پچاس لاکھ مالیتی بجٹ کی منظوری، ممبران اسمبلی کو چوبیس کروڑ ملیں گے

محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی رابطہ کونسل کا وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،مالی سال 2019-20کیلئے 02ارب 35کروڑ 50لاکھ مالیت کے بجٹ کی منظوری دید ی گئی۔
اس مالی سال کے دوران وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 01ارب 30کروڑ، ممبران اسمبلی کیلئے 24کروڑ 50لاکھ، سوشل سیکٹر کیلئے 32کروڑ، یونین کونسل کیلئے 05کروڑ 20لاکھ، تعمیر عمارات کیلئے 02کروڑ، مرمتی پل ہا کیلئے 02کروڑ، بلاک پرویژن کیلئے 02کروڑ، ضلع کونسل کیلئے 01کروڑ 60لاکھ، رابطہ کونسل کیلئے 01کروڑ 20لاکھ، واٹر اینڈ سینی ٹیشن پروگرام کیلئے 02کروڑ 63لاکھ، تعمیر سڑکات کیلئے 02کروڑ 50لاکھ، کلین ڈرینکنگ واٹر آپریشن کیلئے 03کروڑ، ممبران کشمیر کونسل کیلئے 06کروڑ روپے پی سی ون پراجیکٹ میں سولر سٹریٹس لائٹس کیلئے 04کروڑ، دفتر عمارت نظامت اعلیٰ کیلئے 02کروڑ 26لاکھ، سول رجسٹریشن کیلئے 01کروڑ 06لاکھ، تعمیر عمارت یونین کونسل ہا کیلئے 05کروڑ اور جاریہ پل ہا کیلئے 08کروڑ کی رقم کے خلاف ترقیاتی سکیم پر عملدرآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں پیدائش و اموات کے نظام کو کیمپوٹرائزڈ کرنے،تمام ضلعی ہیڈ کوآرٹرز میں اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب مکمل کرنے سمیت یونین کونسلز کے دفاتر کی بھی تعمیر کے لیے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی راجہ نصیر احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر آصف، سیکرٹری مالیات فرید احمد تارڑ، پرنسپل سیکرٹری راجہ امجد پرویز، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی راجہ اعجاز احمد خان، ڈائریکٹر جنرل گل زمان خان کے علاؤہ خواجہ مسعود، وسیم قریشی، بابر منہاس،خواجہ مقصود اور نثار لون سمیت دیگر نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے 100فیصد اہداف حاصل کرنے پروزیر لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈائریکٹر جنرل سمیت پورے محکمے کو مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ آزادکشمیر کے تقریبا تمام دیہات میں اس پروگرام سے منصوبہ جات مکمل کیے گئے ہیں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر منصوبہ کی پی این ڈی طرز پر منظوری کے عمل سے محکمہ میں شفافیت آئی ہے وزیراعظم کیمونٹی انفراسٹریکچر پروگرام ایم ایل ایز کا صوابدیدی فنڈ نہیں اس پروگرام کا مقصد آزادکشمیر کے دیہی و شہری علاقوں میں بنیادی ضروریات کو پورا کرنا تھا آزادکشمیر بھر میں اس پروگرام کے انتہائی شاندار نتائج سامنے آے ہیں اس پر بہترین انداز میں عملدرآمد کروانے سے لوکل گورنمنٹ کی ساکھ بحال ہو رہی ہے اس پروگرام میں محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی نے کام کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور کہیں سے بھی کوئی گھوسٹ یا جعلی کام کی شکایت موصول نہیں ہوئی جس پر تمام محکمہ مبارکباد کا مستحق ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران 05ارب 80کروڑ سے زائدمالیت کا انفراسٹرکچر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی نے تعمیر کیا ہے جس کی بدولت دیہی انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔راجہ محمد فاروق حید ر نے کہا کہ ہماری حکومت کی بنیادی ترجیحات میں تحریک آادی کشمیر،گڈ گورننس اور پائیدار ترقی شامل ہیں پائیدار ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کا بنیادی کردار ہے،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونین کونسلز کے دفاتر کی تعمیر جلد از جلد شروع کی جاے اور اس میں مستقبل کی ضروریات کا خیال رکھا تاکہ تاکہ کل منتخب عوامی نمائندے وہاں بیٹھ کر عوامی مسائل سن اور ان پر بات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی 80فیصد سے زائد دیہی آبادی کو بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر فراہم کر نا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ کو ہدایت کی کہ دیرپا اور معیاری انفراسٹرکچر تیار کیا جائے جو نہ صرف عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرے بلکہ خطہ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے۔ رابطہ کونسل کے اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی نے مالی سال 2018-19کے دوران آزادکشمیر کے 29انتخابی حلقہ جات سمیت مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقوں میں مجموعی طور پر 8601سکیمیں جن کی مالیت 02ارب25کروڑ 18لاکھ تھی مکمل کی ہیں جن کی تفصیل فورم کو پیش کی گئیں اور رابطہ کونسل نے اس کی توثیق کی۔
اسکے علاؤہ اجلاس میں مالی سال 2019-20کیلئے منظور شدہ بجٹ 02ارب35کروڑ 50لاکھ کی مد وائز تفصیل پیش کی گئی جس کی فورم نے اصولی منظوری دی۔علاؤہ ایجنڈا میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی ریوالونگ فنڈ ز کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبہ جات کی نشاندہی کیلئے سٹیک ہولڈر سے مدت کا تعین کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔وزیراعظم نے محکمہ کی ضروری آسامیوں کی تخلیق اور اپ گریڈیشن سیکرٹری یونین کونسل آسامی کیلئے سیکرٹری مالیات اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی کو ہدایت کی کہ وہ مل کر ان معاملات کو یکسو کریں۔
اسکے علاؤہ بچوں کے اندراج پیدائش کے منصوبہ کو دیگر صوبوں کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آفس کی مرکزی عمارت کی ستمبر تک تکمیل اور اسی مالی سال کے دوران 10ضلعی ہیڈ کوارٹر میں سولر سٹریٹس لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے کی بھی وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں۔ وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی نے وزیراعظم کو محکمہ کی گذشتہ 02سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ اس وقت مثالی کام کررہا ہے اور ہر حلقے میں کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیشمار چیلینجز اور مشکلات کے باوجود لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے 100فیصد اہداف حاصل کیے ہیں جس کی بنیاد پر حکومت اور عوام کا اعتماد محکمہ پر بڑھا ہے۔
راجہ نصیر نے مزید کہا کہ محکمہ کے اندر متعدد اصلاحات نافذ کی گئی ہیں جس کی بدولت سروس ڈیلیوری بہت زیادہ بہتر ہوئی ہے۔جعلی اور گھوسٹ سکیم کا کلچر موجودہ حکومت نے ختم کردیا ہے اور اب 100فیصد شفافیت کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر آصف اور سیکرٹری مالیات نے تجویز پیش کی کہ بروقت اخراجات کو یقینی بنانے اور فزیکل اہداف کے حصول کیلئے محکمہ اپنی تمام سرگرمیوں کیلئے ایک مدت کا تعین کرے اور اس پلان کی منظوری کابینہ سے حاصل کرتے ہوئے اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ویہی ترقی راجہ اعجاز احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل گل زمان خان نے فورم کو بریفنگ دی اور گذشتہ سال کے بجٹ اور حاصل کردہ اہداف اور موجودہ مالی سال کا بجٹ مد وائز پیش کیا.