جموں کشمیر پیپلزپارٹی کامرکزی کنونشن 9دسمبر کو نیشنل پریس کلب کیمپ آفس لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد کیا جائیگا۔ کنونشن میں آئندہ دو سال کیلئے مرکزی عہدیداران کا انتخاب کیا جائیگا، مجموعی طور پر صدر، سیکرٹری جنرل اور چیف آرگنائزر کے عہدوں پر انتخاب کا عمل ہوگا، ممبران جنرل کونسل حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے آئندہ دو سال کیلئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لائیں گے۔
رہنما جموں کشمیر پیپلزپارٹی سردار خلیق اشرف نے اس سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے کے پی پی کا کنونشن تاریخی اہمیت کا حامل ہے، تمام اضلاع اور راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری اور جموں کشمیر پیپلزپارٹی، پی وائی سی اور پی ایس او کے کارکنان کنونشن میں بھرپور شرکت کریں گے۔ نئی منتخب ہونے والی قیادت نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے بلکہ اس خطہ میں گورننس کے مسائل سمیت عدلیہ کی تحریک کے حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے مرحوم قائد سردار خالد ابراہیم خان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آج جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں پارٹی نے انکی حیثیت اور نظریاتی ساکھ، سیاسی بالیدگی سے کہیں زیادہ بڑھ کر عزت دی، لیکن ان لوگوں کو اس عزت کا ادراک نہ ہو سکا اور پارٹی کے ڈسپلن اور نظریاتی اساس کو مجروح کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ نظم و ضبط اور نظریاتی اساس پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، خالد ابراہیم خان کے نظریات اور مشن کو لیکر تنظیمیں آئین و منشور پر عملدرآمد کیا جائے گا، اس کے خلاف کسی قسم کی بھی کوئی سرگرمی پارٹی کے اندر قبول نہیں کی جا سکتی، اس لئے ماضی میں جنہوں نے اس طرح کے اقدامات کرنیکی کوشش کی انہیں سردار خالدا براہیم نے اپنی حیات میں ہی ایسے اقدامات سے روکا اور اب سردار خالد ابراہیم کے نظریاتی اور سیاسی وارثوں پر یہ فریضہ عائد ہوا ہے جسے بخوبی سر انجام دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کنونشن میں راولاکوٹ سے بھرپور شرکت کی جائیگی، نئی قیادت کے انتخاب کے عمل کو انتہائی خوش اسلوبی اور جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔












8 تبصرے “جموں کشمیر پیپلزپارٹی کا کنونشن9دسمبر کو راولپنڈی میں ہوگا، خالد ابراہیم کی نظریاتی اساس کا دفاع کرینگے، خلیق اشرف”