بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف درخواست کی فوری سماعت سے انکار

بھارت کی سپریم کورٹ نے کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس این وی رامنا کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے جمعرات کو درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل ایم ایل شرما نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان اس معاملے کو اقوامِ متحدہ میں لے جا سکتا ہے۔

اس پر جسٹس این وی رامنا نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا اقوامِ متحدہ بھارتی پارلیمان کو ترامیم منظور کرنے سے روک سکتی ہے؟

درخواست کی مختصر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے دفعہ 370 کے خلاف دائر درخواست پر فوری سماعت سے انکار کر دیا۔

سپریم کورٹ نے ایک دوسرے کیس میں کانگریس کے رہنما تحسین پونہ والا کی اس عذرداری کی بھی فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے جس میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرفیو، آمد و رفت، ٹیلی فون، انٹرنیٹ اور نیوز چینلوں پر پابندی کو چیلنج کیا گیا تھا۔