پاکستانی کشمیر: حکومت نے دوبارہ مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا،عیدالفطر تک پابندی عائد

پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کی حکومت نے ایک مرتبہ پھر مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے. محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 23 مارچ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو دو ماہ کےلئے بحال کر دیا گیا ہے.

مذکورہ نوٹیفکیشن پر اٹھارہ مئی رات بارہ بجے سے عملدرآمد شروع ہو گا جو آئندہ دو ہفتے تک جاری رہے گا. عید الفطر کی تعطیلات کے بعد پابندیوں سے متعلق آئندہ فیصلہ کیا جائے گا.

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے نفاذ کا یہ فیصلہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے کیا جا رہا ہے.

تاہم حکومت کی جانب سے جن ایس او پیز کے ساتھ کاروبار کھولنے اجازت دی تھی اورلاک ڈاؤن میں‌نرمی کی گئی تھی، ان ایس او پیز پر عملدرآمد کہیں‌بھی نہ ہو سکا. شہر خریداروں سے بھری ہوئے تھے، معمول سے زیادہ رش موجودتھا. ساتھ ہی کورونا وائرس کے کیسز میں‌بھی اضافہ ہو رہا تھا.

مذکورہ بالا صورتحال کی وجہ سے حکومت کو شدید دباؤ کا سامنا تھا، بالآخر حکومت نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے.

واضح رہے کہ مکمل لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل سٹور، سبزی، فروٹ شاپس، بیکریاں‌اور کریانہ سٹور کھلے رہیں‌گے.

ادھر پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید3افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جبکہ189 نئے افراد کے کرونا وائرس کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے ۔نئے سامنے آنے والے تینوں کیسز کاتعلق مظفرآبادسے ہے ۔

پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں اب تک3947 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے3885 کے رزلٹ آچکے ہیں اور112افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے77 افراد صحت یاب ہو چکے ہیںاور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ34مریض زیر علاج ہیں اور ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔

محکمہ صحت عامہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق،آئسولیشن ہسپتال مظفرآباد سے 09،ڈی ایچ کیو راولاکوٹ سے12،ڈی ایچ کیو باغ سے03،ڈی ایچ کیوسدھنوتی سے 10،نیو سٹی ہسپتال میرپور سے 12،03 ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈڈیال میرپور ،ڈی ایچ کیو بھمبر سے 16جبکہ ڈی ایچ کیو کوٹلی سے 12مریض صحت یاب ہوئے جنہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔کرونا کے34مریضوں میں سے25آئسو لیشن ہسپتال مظفرآباد،سی ایم ایچ راولاکوٹ میں ایک، ڈی ایچ کیو باغ میں دو، ڈی ایچ کیو میرپور میں5اور ڈی ایچ کیو کوٹلی میں ایک مریض زیر علاج ہے ۔رپورٹ کے مطابق3706 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی اور62افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔نئے افراد کے کرونا کے ممکنہ کیسز کے حوالہ سے لیے گے ٹیسٹ کی رپورٹ ایک دو روز میں آجائے گی۔