بھارتی کشمیر: پلوامہ سے چارکشمیری گرفتار، جیش محمد سے تعلق کا الزام

بھارتی زیرانتظام جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ میں چار افراد کو کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ان کا تعلق عسکریت پسند تنظیم جیش محمد سے تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدگان افراد شبیر احمد پرے، شیراز احمد ڈار، شفقت احمد میر اور اشفاق احمد شاہ سے قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا۔ جس میں جیشِ محمد کے پوسٹرز، نقد رقم، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد شامل ہے۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار نے ساوتھ ایشین وائر کو بتایا ‘ایک مخصوص اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کے راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف سمیت سکیورٹی کے مخصوص دستوں نے اونتی پورہ کراسنگ کے قریب ایک ناکا لگایاجس دوران چار عسکریت پسندوں کے معاون کو چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔

عہدیدار کے مطابق گرفتار شدہ دو افراد پلوامہ کے کھریو علاقے کے رہائشی ہیں۔عہدیدار نے بتایا ‘گرفتار شدہ افراد عسکریت پسندوں کو پناہ اور دیگر رسد کی مدد فراہم کر رہے تھے۔ ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔