ریاض‌نائیکو کے بعد ڈاکٹر سیف اللہ حزب المجاہدین کی کمان سنبھالیں گے؟

بھارتی سکیورٹی فورسزنے بدھ کو جموں کشمیر کے اونتی پورہ میں جماعت اسلامی سے منسلک عسکریتی تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو کو ہلاک کردیاتھا ۔ایسے میں حزب المجاہدین وادی میں نئے کمانڈر کی تلاش میں مصروف ہے۔ کہا جارہا ہے کہ ریاض نائیکو کے ہی کسی قریبی کو حزب المجاہدین کی کمان دی جائے گی۔ سکیورٹی ایجنسیوں کی صورتحال پر سخت نظر ہے۔

خبر رساں‌ادارے ساوتھ ایشین وائر کے ذرائع کے مطابق حزب المجاہدین کے نئے کمانڈر کے لئے ڈاکٹر سیف اللہ عرف اورنگزیب کا نام زیر غور ہے۔ سیف اللہ کا تعلق پلوامہ ضلع کے ملنگ پورہ سے ہے۔ وہ برہان وانی اورریاض نائیکو کے بھی کافی قریب تھے۔

ڈاکٹر سیف اللہ ان دنوں جنوبی کشمیر کے علاقوں میں بے حد سرگرم ہیں۔ انہیں A ++ کیٹیگری کا دہشت گرد اقرار دیا گیا ۔سکیورٹی ایجنسیز اب سیف اللہ کی تلاش کر رہی ہیں۔

سیف اللہ 2014 میں حزب میں شامل ہوئے ۔اس کے علاوہ وہ جنوبی کشمیر میں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔

حزب المجاہدین کے پوسٹر بوائے و اعلی ترین کمانڈر ریاض نائیکو کو سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیرکے پلوامہ ضلع میں بیگ پورہ اونتی پور میں ہلاک کردیا تھا۔یہ آپریشن 18 گھنٹے طویل تھا ۔

سرینگر میں منعقدہ ایک پریس کانفرس کے دورن آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے اس بات کا انکشاف کیا کہ جنوری 2020 سے تاحال بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر پولیس اور فوج و سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر 27 ملیٹینسی مخالف آپریشن انجام دئے، جس دوران 3 سرکردہ کمانڈروں سمیت 64 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔ جن میں سے ایک حزب المجاہدین کا ڈویژنل کمانڈر و تنظیم کا پوسٹر بوائے ریاض نائیکو بھی شامل ہے ۔