وزیراعظم ہاؤس قرنطینہ مرکز قرار، بیس مارچ سے پاکستانی کشمیر کا بیرونی رابطہ منقطع کرنیکا اعلان

پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ریاست بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظروزیراعظم ہاؤس کو قرنطینہ مرکز قرار دینے کے علاوہ تینوں‌ڈویژنز میں قرنطینہ مراکز قائم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے. وزیراعظم نے کرونا کمبیٹ فنڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے، جس میں‌وزراء اور افسران کی تنخواہوں‌سے کٹوتی کے ذریعے رقم کا انتظام کیا جائے گا.

وزیراعظم نے تمام محکمہ جات کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے 20مارچ سے پاکستانی کشمیر آنے اور جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو معطل کرنے کا حکم بھی دیا ہے.

وزیراعظم نے کہا ہے کہ علماءکرام کرونا وائرس سے نمنٹنے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مظفرآباد میں قائم وزیر اعظم ہاﺅس کو قرنطینہ سینٹر بنانے کےلئے وہاں ضروری سامان پہنچایا جائے ، تینوں ڈویژنز کے اندر قرنطینہ سینٹر فوری طور پربنائے جائیں اور رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ارسال کی جائے۔

وزیراعظم کے حکم پر AIMSمظفرآباد میں کرونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ۔وزیر اعظم نے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان کو ترجمان /فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے،سرکاری دفاتر میں چھٹی کے فیصلے کو موخر کر دیا ہے.

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ مشکل وقت ہے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں، انتہائی ناگزیر حالات میں بازاروں کا رخ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے تینوں ڈویژنز کے کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے ۔

کرونا کمبیٹ فنڈ میں وزرا کرام 15 دن اراکین اسمبلی 5 دن گریڈ 21 اور 22کے5 یوم گریڈ 19 اور 20 کے 4 جبکہ 16 سے 18 کے 3 یوم کی تنخواہ میں سے کٹوتی کی جائیگی جبکہ غیر جریدہ ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی نہیں ہو گی ۔ فنڈ کے قیام کا مقصد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو علاج معالجے کے لیے فنڈز کی فراہمی ہے ۔

وزیر اعظم نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے محدود وسائل میں پوری کوشش کررہی ہے کہ موجودہ صورتحال سے نمٹے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اجتماعی طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے نماز جمعہ پر پابندی نہیں لیکن علما حضرات صرف مسنون خطبہ ہی دیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں تفتان سے آئے ایک شہری میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شہری کو میرپورہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اس کی حالت تسلی بخش ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سے گزارش کی ہے کہ تفتان سے آنیوالے زائرین کو ڈی آئی خان میں رکھیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دفاتر میں غیر ضروری نقل و حرکت سے ہر ممکن طور پر گریز کیا جائے ۔

وزیر اعظم نے پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کی ہدایت کرتے ہوئے مال بردار گاڑیوں کی سروس کو بحال رکھنے کا حکم دیا۔