جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کی دس سے زائدتقریبات

راولاکوٹ:
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید او ر شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں راولاکوٹ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، احتجاجی ریلی کی قیادت سابق سینئر نائب صدر خلیل بابر اور ایڈیٹر عزم التمش تصدق نے کی، شرکاء ریلی شہر کا چکر لگانے کے بعد احاطہ عدالت میں احتجاجی جلسہ کی شکل اختیار کر گئے، احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینئر نائب صدرخلیل بابر، ایڈیٹر عزم التمش تصدق، چیئرمین متحدہ محاذ دھمنی زاہد خان، چیئرمین سٹڈی سرکل بورڈعادل بشیر، چیئرمین جامعہ پونچھ مجیب الرحمان، ڈپٹی سیکرٹری مالیات ارسلان شانی، سیکرٹری نشرواشاعت شفقت رحیم داد، چیف آرگنائزرتیمو ر سلیم، سیکرٹری اطلاعات نقاش امین اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے کشمیر سے محکومی، طبقاتی استحصال، سرمایہ دارانہ نظام کے جبر و وحشت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جے کے این ایس ایف شہداء کی جدوجہد کو ان کے نظریات اور افکار کی روشنی میں جدید سائنسی سوشلزم کے نظریات کی بنیاد پر آگے برھانے میں مصروف ہے اور سمجھتی ہے کہ جموں کشمیر کی آزادی کا راستہ پاکستان اور بھارت کے محنت کشوں اور محکوم و مظلوم عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام اور اسکی حاکمیت کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہے، ایک ایسے معاشرے کا قیام جس میں تمام قومیتوں کے حق آزادی، حق خودارادیت اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک رضاکارانہ فیڈریشن میں پرویا جا سکتا ہے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن انہی آدرشوں کی بنیاد پر دنیا بھر کے مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ اپنی جدوجہد کو جوڑتے ہوئے آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔ آج کچھ لوگ جموں کشمیر میں بسنے والی مختلف قومیتوں کو ظلم، جبر اور تشدد کی ایماء پر غلام بنانے والے برطانوی سامر اج کے دلال شخصی حکمران کو اپنا ہیرو قرار دیکر جموں کشمیر میں آزادی اور انقلاب کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے مظلوم و محکوم عوام کے مقدس لہو سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ہر طرح اور ہر قوم کے حکمران طبقات کے خلاف جدوجہد میں مصروف جہد ہے اور عام انسانوں اور محنت کش انسانوں کی جدوجہد ہی پر بھروسہ کرتے ہوئے، محنت کش طبقہ کی ہی بقاء کی لڑائی میں مصروف ہے، طلبہ مزدور اتحاد کو یقینی بناتے ہوئے ہر طرح کے ظلم، جبر اور استحصال کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے مشن کی تکمیل کرینگے۔

مظفرآباد:
جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں دارالحکومت کا سب سے بڑا احتجاجی پروگرام منعقد کیاگیا، غربت، بیروزگاری، مہنگائی، دہشتگردی، طلبہ یونین پر پابندی، تقسیم کشمیر اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو مختلف شاہراؤں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی، لسہ سے خطاب کرتے ہوئے این ایس ایف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل باسط ارشاد باغی، مرکزی نائب صدر مروت راٹھور، ضلعی آرگنائزر عادل اعوان، این ایس ایف سٹی صدر خواجہ مجتبیٰ، طاہر، دلاور راٹور، مفید عباسی اور ضلعی چیئرمین فیصل راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی نے جن مقاصد کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا وہ مشن آج بھی ادھورا ہے، آج کشمیر کا ہر جوان مقبول بٹ کے نظریہ کو اپناتے ہوئے کشمیر کی مکمل آزادی اور استحصال سے پاک معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ نام نہاد آزادکشمیر کی حالت بھی کسی طور کشمیر کے دیگر حصوں سے مختلف نہیں، یہاں جبر کی واردات مختلف ہے، بولنے، لکھنے اور سوچنے تک پر پابندی عائد کی گئی ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پرہے، ٹیکسز اور مہنگائی میں اضافے سمیت سرمایہ دارانہ نظام کی لوٹ مار کا شکار جہاں کشمیر کے باسی ہیں، وہیں پاکستان اور ہندوستان کے محنت کش اور مظلوم و محکوم عوام بھی حکمران طبقات کی ان نیو لبرل پالیسیوں کا نشانہ بن کر اذیت ناک زندگیاں گزارنے پرمجبور ہیں، مختلف خطوں میں سرمائے کا جبر یکساں موجود ہے، محکوم قومیتوں پر جبر کی نوعیت الگ اور مزید پیچیدہ ہے، لیکن جب اس خطے کے محنت کشوں اور مظلوم و محکوم عوام کے دکھ اور تکالیف ایک ہیں، انکے ذمہ دار بھی ایک ہیں تو پھر ان دکھوں اور تکالیف کے خلاف جدوجہد بھی مل کر ہی کی جا سکتی ہے اور حکمران طبقات کا شکست بھی مل کر ہی دی جا سکتی ہے، اس لئے کشمیر کی آزادی کا راستہ بھی پاکستان اور بھارت کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی تحریک کے ساتھ طبقاتی جڑت بناتے ہوئے اس خطے سے سرمایہ دارانہ نظام کو اکھاڑ پھینکنے اور ایک سوشلسٹ معاشرے کے قیام میں ہی مضمر ہے۔

کوٹلی:
کوٹلی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر ابرار لطیف کی قیادت میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا، ریلی کا آغاز کالج گراؤنڈ سے کیا گیا، جبکہ آبشار چوک میں احتجاجی جلسہ منعقد کیاگیا، احتجاجی جلسہ سے مرکزی صدر ابرار لطیف، ایس ایل ایف کے چیئرمین عابد راجہ، مرکزی رہنما این ایس ایف عاصم، سابق چیف آرگنائزر تنویر انور، یاسر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

راولپنڈی:
راولپنڈی میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور آر ایس ایف کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ کا انعقاد پریس کلب لیاقت باغ میں کیا، یہ ریلی مہنگائی، بیروزگاری، طبقاتی نظام تعلیم، محکومی، سرمایہ دارانہ جبر اور استحصال کے خلاف نکالی گئی تھی، پریس کلب کے باہر جلسہ سے سابق مرکزی صدر راشد شیخ، مرکزی رہنما زبیر لطیف، سابق چیئرمین راولپنڈی برانچ زاہد اقبال ایڈووکیٹ، آرگنائزر آر ایس ایف عمر عبداللہ، آصف رشید اور گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے خطاب کیا، جبکہ رہنما این ایس ایف معیظ اختر نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔

باغ:
ضلع باغ کے نواحی بازار ملوٹ میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا، اس ریلی کی قیادت سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، سینئر نائب صدر راشد باغی، ممبر سی سی عدنان خان اور دیگر نے کی، ریلی کے اختتام پر ملوٹ بازار میں ایک مقامی ہال میں جلسہ عام منعقد کیا گیا، جلسہ سے سابق مرکزی صدر بشارت علی خان، راشد باغی، کامریڈ کفایت، کامریڈ ایاز، عاصم غزن، عدنان خان، کامریڈ مظہر، شعیب ذوالقرنین اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

پلندری:
ضلع سدھنوتی میں مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں سیمینار منعقد کیا گیا، سیمینار سے سیکرٹری جنرل این ایس ایف یاسر حنیف، جامعہ پونچھ سٹی کیمپس کے چیئرمین سعد خالق، مرکزی رہنما عثمان خان، مرکزی رہنما جنید خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے شہدائے کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی جدوجہد کو جدید عہد کے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانے اور جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ہجیرہ:
تحصیل ہجیرہ میں‌بھی جموں‌کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر احتجاجی ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، کالج گرائونڈ سے احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا جو مرکزی چوک میں‌جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی، ریلی میں سیکڑوں‌نوجوانوں‌نے شرکت کی، شرکاء ریلی سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مالیات کامریڈ ارسلان شانی، اسامہ پرویز ، وقار خان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا.

ملائشیا:
ملائشیا میں بھی جموں کشمیرنیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہیدا ور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس تقریب سے مرکزی رہنما خلیق ارشاد، افتخار اسلم، رزیق ارشاد، امتیاز یوسف، نثاراحمد، داؤد حسرت، میاں نوید، مائرہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

یونان:
یونان میں کشمیر کمیونٹی یونان کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے یوم شہادت کے موقع پر احتجاجی ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا، اس احتجاجی پروگرام سے کامریڈ عاکف سید اور دیگر مقررین نے خطاب کیا، جبکہ یونان کی ترقی پسند تنظیموں کے نمائندگان نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔

https://www.facebook.com/JKnsf.org/

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: