پاکستانی کشمیرکا رہائشی نوجوان بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا

پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر کے ضلع بھمبر کے علاقہ سماہنی کا رہائشی نوجوان جسے بھارتی زیر انتظام جموں‌کشمیر کے نوشہرہ سب ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب سے فوج نے گرفتار کیا تھا کے خلاف ایگریس اینڈ انٹرنل موومنٹ کنٹرول آرڈیننس (ای ای ایم ایم او) کے سیکشن 2/3 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ستائیس سالہ محمد سعید (27) پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے ضلع بھمبر کے گاؤں سماہنی کے علاقہ چھائی نالہ کا رہائشی ہے، جو حکام کے مطابق غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے جھانگر سیکٹر کی طرف جارہا تھا کہ اسے بھارتی فوجیوں نے گرفتار کر لیا ۔

خبر رساں ادارے ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ابتدائی طور پر سعید سے آرمی کے اعلی افسران ، آرمی انٹیلیجنس اہلکاروں اور سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پوچھ گچھ کی تھی اور پھراسے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد سعید کو معمولی بیماری کے سبب نوشہرہ کے اسپتال میں بھی علاج کرایا گیا ۔

بھارتی نشریاتی ادارے دکن ہیرالڈ کے مطابق پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) یوگل منہاس نے بتایا کہ سعید کے قبضے سے کوئی قابل اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا ہے۔ تاہم ، پولیس نے ان پر EIMCO کے سیکشن 2/3 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور کنٹرول لائن عبور کرنے کے اس کے مقصد کی تحقیقات کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔