کشمیری پنڈتوں کی بحالی کےلئے بھارتی حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں، پنڈت سراپا احتجاج

مختلف پنڈت تنظیموں کے نمائندوں نے بے گھر کشمیری ہندوؤں کی وطن واپسی اور بحالی کے لئے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کی ہے ۔اور کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں بے گھر ہونے والی آبادی کے مستقبل پر مکمل طور پر خاموش ہے۔

جموں و کشمیر کے مرکزی علاقہ (UT) بننے کے تقریبا ایک ماہ بعد ، پنڈت نمائندوں نے کہا کہ یہاں کوئی یقینی ٹھوس منصوبہ نظر نہیں آرہا ہے ، جو ان ہزاروں خاندانوں کی مدد کرسکتا ہے ، جو کیمپوں میں مقیم ہیں۔

آل اسٹیٹ کشمیری پنڈت کانفرنس (اے ایس کے پی سی)کے ممبروں نے ریاست میں موجودہ سیاسی اور معاشرتی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لئے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارت کی قیادت کو اپنے طویل مدتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بے گھر ہونے والی برادری کو کشمیر میں دوبارہ آباد کرنا چاہئے۔ اس منصوبے کی تشکیل میں کمیونٹی کو شامل ہونا چاہئے۔

شرکا نے حکومتوں کی طرف سے پنڈتوں کومسلسل نظرانداز کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ، جنھوں نے تقریبا 3.50 لاکھ اقلیتی آبادی کے بے گھر ہونے کے سیاسی زاویے کو نظرانداز کیا۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ابھی تک دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو انصاف نہیں ملا ہے اور مجرم کھلے گھوم رہے ہیں۔ 1990 کی دہائی کے دوران وادی میں لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور اقلیتوں کے قتل میں ملوث افراد کو سزا دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس سے قبل جموں و کشمیر میں آل انڈیا کشمیری مہاجر پنڈت سماج کے لوگوں نے اپنے مطالبات کے پیش نظر حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی بھی کی۔تنظیم کے صدر آر کے بھٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے اس احتجاج کا مقصد یہ ہے کہ ہماری گھر واپسی ہوجائے، کیونکہ ہم ابھی بھی اپنے گھر یعنی کشمیر نہیں جا پارہے ہیں ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری گھر واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈتوں نے 1989 میں ہجرت کرکے جموں اور ریاست کے باہر اقامت اختیار کرلی تھی۔

کشمیری مہاجر پنڈتوں نے اپنے مطالبات کے پیش نظر آج جموں کے پریس کلب میں احتجاج کیا، اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق ان مہاجرین احتجاجیوں نے کہ کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے اس وقت تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

جموں میں تارکین وطن کیمپوں میں مقیم افراد کی نمائندہ تنظیم ، جگتی ٹیینیٹ کمیٹی (جے ٹی سی) نے کانگریس حکومت کے ذریعہ 2008 میں پہلے سے اعلان کردہ بحالی پیکیج پر عمل درآمد میں مرکز میں بی جے پی حکومت کی ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔