جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے 14نومبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے لانگ مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کی تناظر میں کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی آئندہ تاریخ بعد ازاں لبریشن فرنٹ کے مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں فائنل کی جائے گی۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں جمعیت علماءاسلام کی کال پر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ستائیس اکتوبر کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے ، اسلام آباد میں شرکاءمارچ و دھرنا کو روکنے کےلئے حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے،اس صورتحال میں جس طرح کے حالات بن رہے ہیں انہی کو سامنے رکھتے ہوئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی مرکزی کمیٹی اور عہدیداران سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ چودہ نومبر کو اسلا م آباد کی طرف لانگ مارچ کو فی الحال ملتوی کیا جائے.
انہوں نے کہا کہ مارچ کی آئندہ تاریخ کا اعلان لبریشن فرنٹ کی مرکزی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں فائنل کرتے ہوئے اعلان کیا جائیگا۔
بیان میں چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ لبریشن فرنٹ جموں کشمیرمیں ہر دو اطراف ہونے والے ظلم اور بربریت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے گی.
انہوں نے کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج کے مابین فائرنگ اور گولہ باری کے سلسلہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، بالخصوص گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران نیلم، لیپہ اور دیگر علاقوں میں دونوں اطراف کشمیریوں کا قتل عام کیا گیا ہے اور کشمیریوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے.
فوری طور پر فائرنگ کا سلسلہ بند کیا جائے، دونوں قابض اور غاصب افواج کا فی الفور جموں کشمیر سے انخلاءیقینی بناتے ہوئے کشمیریوں کو مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔












22 تبصرے “جے کے ایل ایف نے 14 نومبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ملتوی کرنیکا اعلان کردیا”