جموں کشمیر کے پنچائتی انتخابات میں‌بی جے پی کی تنہاء دوڑ، تمام ریاستی پارٹیوں کابائیکاٹ

بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں مقامی پنچایتی انتخابات (بلاک ڈویلپمنٹ کونسل )میں بی جے پی کے 81 امیدوار، پینتھرزپارٹی کا ایک امیدوار جبکہ 217 آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔

خبر رساں ادارے ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جمعرات کو بلاک ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی، بھارتی دعوے کے مطابق ووٹنگ کی کل شرح 98.3 فیصد رہی۔

جموں کشمیر میں بلاک ڈویلپمنٹ کونسل انتخابات کےلئے متعین چیف الیکشن کمشنر شیلیندر کمار نے مقامی میڈیا کو بتایاکہ ووٹنگ صبح 9 بجے سے ایک بجے تک ہوئی جبکہ ضلع کپواڑہ کے تین بلاکس کے علاوہ تمام بلاکس میں تین بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی وجہ سے کپواڑہ کے تین بلاکس میں پہلے ہی ووٹنگ کی گنتی کی گئی اور ڈیوٹی پر موجود ملازمین محفوظ طریقے سے اپنے اپنے مقامات پر پہنچ گئے۔

شیلیندر کمار نے کہا کہ مجموعی طور 316 بلاکس ہیں اور 307 بلاکس میں انتخابات منعقد ہوئے، جن میں سے 27 بلاکس میں بلا مقابلہ امیدوار کامیاب ہوئے۔ 280 بلاکس میں ووٹنگ ہوئی۔

انتخابات میں بی جے پی کے 81 امیدوار، پھینترز پارٹی سے ایک امیدوار جبکہ 217 آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی سب سے بڑی جماعتوں نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے پہلے ہی انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔