آزاد پتن روڈ کی بندش: پونچھ ڈویژن میں اخبارات بھی نہیں‌پہنچ سکے

آزاد پتن روڈ کی بندش کے باعث پونچھ ڈویژن میں مسافروں اور اشیائے صرف کے ساتھ ساتھ اخبارات بھی نہیں‌پہنچ سکے.

پونچھ ڈویژن کو راولپنڈی اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ چینی کمپنی کے مزدوروں‌نے بطور احتجاج دو جگہوں‌سے بند کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں‌مسافر اور گاڑیاں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے پھنسے ہوئے ہیں.

راولاکوٹ ، سدھنوتی، حویلی سمیت نواحی تحصیلوں‌اور چھوٹے بازاروں میں اخبارات بھی راولپنڈی سے اسی شاہراہ کے ذریعے پہنچائے جاتے ہیں. سڑک کی بندش کے باعث پونچھ ڈویژن کےلئے آنے والے اکثریتی اخبارات آزاد پتن کے ایک معروف ہوٹل پر پڑے ہوئے ہیں.
اخبارات کے مختلف مقامات پر نہ پہنچنے کے باعث اخباری مالکان اور بالخصوص اخبار فروشوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے.

اتوار کے روز راولاکوٹ ، پلندری، کھائی گلہ، ہجیرہ، عباسپور، کہوٹہ، تراڑکھل، گڑالہ، بلوچ، قلعاں، پانیولہ، ہورنہ میرہ، داتوٹ، تھوراڑ، منگ اور دیگر علاقوں‌میں اخبار فروشوں کے پاس فروخت کےلئے ایک بھی تازہ اخبار نہیں‌پہنچ سکا.

واضح رہے کہ پونچھ ڈویژن میں اخبارات کی چھپوائی کےلئے کوئی پرنٹنگ پریس موجودنہیں ہے جس کی وجہ سے پونچھ ڈویژن سے شائع ہونے والے اخبارات بھی راولپنڈی اسلام آباد کی پرنٹنگ پریسوں سے ہی چھپوائے جاتے ہیں.