گلگت بلتستان عامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام اجلاس، چھ نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری

گلگت بلتستان کی عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام اجلاس میں‌چھ نکاتی ایجنڈا پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا ہے، جاری کردہ اعلامیہ میں‌حکومت سے متفقہ طور پر اٹھائے گئے مطالبات کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے.

گلگت بلتستان کی عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندوں ، مختلف کونسلز،جملہ عمائدین ، یوتھ فورم، انجمن تاجران و دیگر ایسو سی ایشنز کے نمائندگان، اسپیشل پرسنز کے علاوہ یوتھ تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا ،جس کے بعد مندرجہ ذیل مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق ہوا۔

1۔ پاور شیرنگ فارمولے کے آڑ میں گلگت بلتستان کے قومی اداروں خصوصاً سپریم اپیلٹ کورٹ ، GBکونسل ،NATCOکے اندر لوکل ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی طورپر بھرتی کیے جانے والے غیر ڈومیسائل ہولڈرز کو فوری طورپر بھر طرف کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے ڈومیسائل ہولڈرز ، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقعے فراہم کیے جائیں۔

2۔نیب کا ادارہ جوکہ احتساب کیلئے بنایا گیا ہے ، گزشتہ کئی سالوں سے معذوروں کے ہاسٹل پر قبضہ جما یا ہوا ہے اس شرمناک اقدام کو معذوروں کے ساتھ انتہائی زیادتی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس ہاسٹل کو فوری طور خالی کراکے اسپیشل پرسنز کے حوالے کیا جائے۔

3۔لینڈ ریفارمز کمیٹی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضہ کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،حکومت اس تجربے سے باز رہے اور کسی بھی فیصلے سے قبل گلگت بلتستان کے عوام کو اعتماد میں لیں۔

4۔ گلگت بلتستان کے قدرتی مسائل کی بندر بانٹ کبھی بھی قابل قبول نہیں ہوگا، منرلز پالیسی عوام دوست بنائی جائے اورکسی بھی پہاڑ یا مارننگ کی لیز جاری کرتے وقت لوکل افراد کو ترجیح دی جائیں اور گزشتہ ادوار میں دی جانے والے غیر قانونی لیز کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے، کسی بھی غیر مقامی کو لیز دینے کی صورت میں لوکل افراد کی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے۔

5۔ گلگت بلتستان کے 70سالہ محرومیوں کا ازالہ کسی پیکچ کے ذریعے نہیں ہو سکتا، لہذٰا پیکجز کے خیال کو دل و دماغ سے نکا لتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

6۔کنٹیجنٹ ملازمین کے ساتھ مسلسل زیادتیوں کا سلسلہ بند کرتے ہوئے سابقہ معاہدے کے تحت سکیل 1سے 5تک فزیکل ٹسٹ کے ذریعے جبکہ سکیل6سے اوپر اضافی نمبرات کے ساتھ مستقل کیا جائے اور تا وقت کہ تمام ملازمین مستقل نہیں ہوتے تمام کنٹیجنٹ ملازمین کے تنخواہیں17500کیا جائے۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: