فرائض میں مبینہ غفلت: ڈی آئی جی پولیس پونچھ، کمشنر پونچھ، ڈپٹی کمشنر باغ اور ایس ایس پی باغ او ایس ڈی،دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے مبینہ طورپر فرائض میں غفلت برتنے پر پونچھ کے ڈویژنل سطح کے چار انتظامی و پولیس افسران کواو ایس ڈی کر دیا ہے۔

جبکہ گھوڑی کیر چھپریاں روڈ کی تعمیر کے حوالے سے حقائق جاننے اور مظاہرین کی جانب سے سڑک بندکرنے کے اقدام میں مظاہرین کو کنٹرول کرنے میں غفلت کے مرتکب افسران کی انکوائری کےلئے دو رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، کمیٹی میں فہیم احمد خان عباسی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اور مسعود الرحمان ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شامل ہیں۔

منگل کے روز محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبری S&GAD/MG-2(1)2019 کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن مسٹر محمد یاسین قریشی، کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل، ڈپٹی کمشنر باغ وحید خا ن اور ایس ایس پی باغ جمیل احمد جمیل کو او ایس ڈی کرتے ہوئے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ منسلک کر دیا ہے۔
چاروں افسران کو ایک ہی نوٹیفکیشن کے تحت او ایس ڈی کرنے کا یہ غیر معمولی اقدام پیر کے روزدھیرکوٹ میں منعقد کئے جانے والے عوامی احتجاج،کوہالہ سےمین شاہراہ بند کئے جانے کےاقدام کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے بشارت شہید روڈ دھیرکوٹ (چونتیس کلومیٹر لمبائی) اور گھوڑی کیر چھپریاں روڈ ضلع باغ کی تعمیر کے حوالے سے اصل حقائق جاننے کےلئے غیر جانبدارانہ تحقیقات،انکوائی کےلئے بذیل افسران پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیئے جانے کی منظوری صادر فرمائی ہے۔ تشکیل شدہ کمیٹی ٹی او آرز پر اپنی رپورٹ تین ایام کے اندر مجاز اتھارٹی کی خدمت میں پیش کرنے کی پابند ہو گی۔ کمیٹی میں فہیم احمد خان عباسی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس اور مسعود الرحمان ایڈیشنل سیکرٹری داخل شامل ہیں۔ 

کمیٹی کے ٹی او آرز:

مورخہ انتیس جولائی کو راولپنڈی مظفرآباد روڈ کی کوہالہ مظاہرین کے ذریعے بندش کے واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین۔

مظاہرین کو کنٹرول کرنے میں ڈویژنل انتظامیہ پونچھ اور ضلعی انتظامیہ باغ کی غفلت کا تعین

معاملہ کو ضلعی سطح پربروقت کنٹرول نہ کرنے کی وجوہات کا تعین

نوٹیفکیشن میں قبل ازیں محکمہ داخلہ کے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کو منسوخ کیا گیا ہے۔ تاہم مذکورہ منسوخ ہونے والا نوٹیفکیشن حاصل نہیں ہو سکا۔ 

مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور پتھر رکھ کر مین شاہرات بلاک کر دی تھیں

پیرکے روز چھپریاں گھوڑی کیر دھیرکوٹ کی ایک سڑک کی عدم تعمیر اور تحصیل ہسپتال دھیرکوٹ میں سٹاف کی کمی کے خلاف سول سوسائٹی کے زیر اہتمام احتجاجی شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دی گئی تھی، مظاہرین نے ٹائر جلا کر میں سڑکیں بند کر دی تھیں، جس کے باعث پونچھ کا ریاستی دارالحکومت سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا جبکہ باغ سمیت دیگر شہروں کا راولپنڈی سے بھی رابطہ منقطع کر دیا گیا تھا،بعد ازاں مظاہرین نے کوہالہ کے مقام پرمظفرآباد راولپنڈی سڑک بند کر دی تھی، مظاہرین نے رات گئے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر لیا تھا۔

مظاہرین نے شہید چوک کو ٹریفک کےلئے بند کر کے طویل احتجاجی جلسہ منعقد کیا

تاہم حکومت کی جانب سے مظاہرین کو سڑکیں بند کرنے سے نہ روکنے اورمظاہرین کو اتنی بڑی تعداد میں جمع ہونے کی اجازت دینے کی پاداش میں ڈی آئی جی، کمشنر پونچھ، ڈپٹی کمشنر باغ اور ایس ایس پی باغ کو ایک ہی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے او ایس ڈی کر دیا ہے۔ ابھی تک مذکورہ افسران کی جگہ نئی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔