راولاکوٹ میں بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں نے مشترکہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے طلبہ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ملک گیر احتجاجی مارچ کے تسلسل میں راولاکوٹ میں بھی طلبہ یکجہتی مارچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ راولاکوٹ میں انتیس کو دو ایونٹس منعقد کئے جائیں گے۔ صبح دس بجے پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ راولاکوٹ سے کچہری چوک تک ”طلبہ یکجہتی مارچ“ کا انعقاد کیاجائیگا، جبکہ اسی روز جامعہ پونچھ کے مین کیمپس میں بھی ”طلبہ یکجہتی مارچ“ کا انعقاد کیا جائیگا جس میں جامعہ پونچھ کے طلباء و طالبات شرکت کریں گے۔ کالج گراؤنڈ سے کچہری چوک تک مارچ میں جامعہ پونچھ کے دو کیمپس، پوسٹ گریجویٹ کالج، میڈیکل کالج اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ شرکت کریں گے۔
اس سلسلہ میں طلبہ تنظیموں کا اجلاس جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد کیا گیا، اجلاس میں جے کے این ایس ایف کے عہدیداران کے علاوہ جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ، جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداران اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ تنظیموں کے عہدیداران نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ چاروں طلبہ تنظیموں کے زیر اہتمام مشترکہ طلبہ یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا جائیگا، دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیموں کو بھی مارچ میں شرکت کی دعوت دی جائیگی، تمام تنظیمیں اپنے جھنڈے اور پلے کارڈ کے ہمراہ مارچ میں شرکت کریں گے، جبکہ طلبہ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے یہ مارچ منعقد کیا جائیگا۔
اجلاس میں احتجاجی مارچ کے انتظامی امور کو سر انجام دینے کیلئے حارث ہارون، تیمور سلیم، حماد یوسف اور راشد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، جو مارچ کے انعقاد کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات کی نگرانی کرے گی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ طلبہ یونین کے فی الفور الیکشن کے انعقاد،مہنگی فیسوں کے خاتمے، تعلیمی اداروں میں طلبہ کی جنسی ہراسگی کے واقعات کے تدارک اور تعلیمی اداروں کی نجکاری کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات کے گرد یہ مارچ منعقد کیا جائیگا اور تعلیمی اداروں میں صحت مند سیاسی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھا جائیگا۔
اجلاس میں ممبر ایکشن کمیٹی و سیکرٹری جنرل ایس ایل ایف دانش گلفراز نے طلبہ ایکشن کمیٹی اور یکجہتی مارچ سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ جے کے این ایس ایف کے مرکزی صدرابرار لطیف، پی ایس ایف کے رہنما حارث ہارون، پی ایس او کے رہنما حماد یوسف کے علاوہ بشارت علی خان، خان نعمان، التمش تصدق، تیمور سلیم، واجد خان، ہمایوں نعیم،سبحان عبدالمالک، بدر رفیق، ماجد خان، اویس رفیق سمیت دیگر طالبعلم رہنماؤں نے خطاب کیا۔ جبکہ حارث قدیر نے اجلاس کنڈکٹ کیا۔












16 تبصرے “طلبہ تنظیموں کا مشترکہ اجلاس: 29نومبر کو راولاکوٹ کالج گراؤنڈ تا کچہری چوک طلبہ یکجہتی مارچ کا اعلان”