راولاکوٹ واٹر سپلائی پراجیکٹ پر پچیس فیصد کام مکمل ہوگیا، باقی کام جلد مکمل ہو جائیگا

پاکستان کے زیر انتظام جموں‌کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ شہر کو پانی کی فراہمی اور شہر کو صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

راولاکوٹ واٹر سپلائی پروجیکٹ پر 25فیصد ترقیاتی کام ہو چکا ہے جسے جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دریک واٹر سپلائی پروجیکٹ کا دورہ کرنے کے بعد اس منصوبہ کے حوالے سے ایک بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے دریک پروجیکٹ سائٹ کا معائنہ بھی کیا اور موقع پر ترقیاتی کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایس ای پبلک ہیلتھ اور ایکسیئن پبلک ہیلتھ کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران بھی موجود تھے۔

دریک واٹر سپلائی پروجیکٹ کی بریفنگ دیتے ہوئے ایس ای پبلک ہیلتھ خواجہ سجاد نے صدر سردار مسعود خان کو بتایا کہ مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی کی صورت میں جون 2020تک یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا جس کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایس ای پبلک ہیلتھ نے چیڑھ واٹر سپلائی سکیم کو بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں پانی کی ضرورت پوری کی جاسکے۔

صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے دریک واٹر سپلائی پروجیکٹ پر ترقیاتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا تاکہ راولاکوٹ کے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنا کر ان کا دیرینہ مطالبہ پور اکیاجا سکے۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کو بہترین سیاحتی مقام میں بدلنے کے لئے بھی ضروری ہے کہ شہر میں پانی کی قلت کو دور کیا جائے۔ انہوں اس توقع کا اظہار کیا کہ منصوبہ کی تکمیل کے ذمہ دار محکمے اور متعلقہ حکام کسی قسم کا تساہل نہیں برتیں گے۔

قبل ازیں سرکٹ ہاﺅس راولاکوٹ میں صدر آزادکشمیر سے مختلف عوامی وفود نے ملاقاتیں کر کے انہیں علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مطالبات سے آگاہ کیا۔صدر گرامی سے ملاقات کرنے والوں میںصدر ریاست کے مشیر سردار اعجاز یوسف، بلدیہ راولاکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر سردار ذاکر شیر افضل، ایکسیئن لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سردار زبیر ایوب اور سردار شاہد لطیف بھی شامل تھے جبکہ مسلم لیگ حلقہ 4کے صدر سردار عاشق کی قیادت میں بھی ایک عوامی وفد نے صدر ریاست سے ملاقات کر کے انہیں اہم عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر آزاد کشمیر سے سردار ایوب کی قیادت میں حسین کوٹ کے ایک عوامی وفد نے بھی ملاقات کی اور صدر گرامی کو کیپٹن حسین خان شہید کی برسی میں شرکت کی دعوت دی۔