راولاکوٹ لاک ڈاؤن ریلیف فنڈ: لاک ڈاؤن سے متاثرہ محنت کشوں تک راشن پہنچانے کا کام جاری

لاک ڈاؤن کے متاثرین کی مدد کیلئے راولاکوٹ لاک ڈاؤن ریلیف فنڈ کے پلیٹ فارم سے اب تک ساڑھے چھ سو سے زائد گھرانوں تک پندرہ ایام کا خشک راشن پہنچایا جا چکا ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سردار جاوید نازایڈووکیٹ کی سربراہی میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات پرمشتمل یہ پلیٹ فارم ترتیب دیا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر نافذ کئے جانے والے لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے دیہاڑی دار محنت کشوں تک خشک راشن پہنچانا تھا تاکہ انہیں اس مشکل وقت سے نبرد آزما ہونے کیلئے کمیونٹی کی مدد حاصل ہو سکے۔

اس مقصد کیلئے سردار جاوید ناز ایڈووکیٹ کے ہمراہ محترمہ صنم نذیر خان، محترمہ ریحانہ شاہ محمد، سردار اظہر،حاجی اعجاز حنیف، تنویر خالق، حارث قدیر، سرداروسیم اعظم، منیر احمد قادری، امجد منیر، بدر حفیظ، فرزانہ انور، جنید ممتاز، ریحان خورشید، عبدالباسط خان سمیت دیگر افراد نے مل کر مخیر حضرات سے نہ صرف فنڈز اکٹھے کئے بلکہ متاثرین لاک ڈاؤن کی شناخت کرتے ہوئے ان کے گھروں تک راشن اس طرح پہنچایا گیا کہ انکی عزت نفس بھی مجروح نہ ہو۔

اس سلسلے میں سردار جاوید ناز ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے لوگوں کی مدد کیلئے میدان میں آئے ہیں جو محنت کش ہیں، اپنی محنت سے نہ صر ف اس سماج کو چلاتے ہیں، بلکہ اپنا اور بیوی بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ محنت مزدوری کے قابل نہیں رہے اوروقتی طور پر مسائل کا شکار ہیں، ان لوگوں کا اس معاشرے پر قرض ہے۔

جو لوگ سالہا سال اس سماج کو چلاتے ہیں، آج وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مشکل کا شکار ہیں، ہم بھیک نہیں دیتے اور نہ ہی لوگوں کو بھکاری بنانے کے قائل ہیں، اسی لئے ہمارے رضاکار متاثرہ محنت کشوں کی فہرستیں بھی خود تیار کرتے ہیں اور انکے گھروں تک خاموشی سے راشن پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے، جو بدستور جاری ہے، لاک ڈاؤن جب تک رہے گا ہمارے رضاکاروں کی پوری کوشش ہو گی کہ متاثرہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد تک راشن پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فنڈز بہت محدود ہیں، بیرون ملک موجود کشمیری تارکین وطن خود مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود تارکین وطن نے اور جو لوگ یہاں صاحب ثروت ہیں انہوں نے دل کھول کر فنڈز دیئے ہیں، لیکن اس کے باوجودابھی مزید فنڈز ہمیں درکار ہیں کیونکہ ایک بہت بڑی تعداد متاثرین کی ایسی ہے کہ جو دو دوقت کے راشن سے بھی محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم ان تمام نوجوانوں کو بھی مبارکباددیتے ہیں جنہوں نے راولاکوٹ میں موجود ایسے دیہاڑی دارمزدوروں کہ جن کے پاس کھانا پکانے کی سہولت بھی موجود نہیں تھی انہیں پکا پکایا کھانا دو ٹائم پہنچانے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی اور وہ اس ذمہ ذمہ داری کو بخوبی نبھایا، انہوں نے اس موقع پر انجمن تاجران راولاکوٹ کے عہدیداران کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے راولاکوٹ لاک ڈاؤن ریلیف فنڈ کی دل کھول کر مدد کی۔