پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کشمیر میں ہاکی ایسوسی ایشن کی صدارت پونچھ کے حوالے کردی

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی زیر انتظام کشمیرکی مرکزی ہاکی ایسوسی ایشن کے نئے عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد مشتاق خان پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی ہاکی ایسوسی ایشن کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں، دیگر نامزد عہدیداران میں محمد عدیل خان سینئر نائب صدر، محمد شبیر خان نائب صدر، محمد زبیر خان نائب صدر دوم، سردار عارف ناز اعزازی سیکرٹری، سید عرفان گردیزی جوائنٹ سیکرٹری، یاسر مقبول اعزازی خزانچی منتخب ہوئے ہیں، جبکہ پی ایچ ایف کانگریس میں کشمیر کی نمائندگی کیلئے سردار اظہر نذر کو منتخب کیا گیا ہے۔

ہاکی ایسوسی ایشن کا مرکزی صدر پہلی مرتبہ ضلع پونچھ سے منتخب کیاگیا ہے، جبکہ ضلع پونچھ کو مسلسل تینتیس سال پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی قومی ہاکی چمپئن شپ میں کامیابی کا اعزاز حاصل رہا ہے اور پونچھ میں ہاکی کا بہترین ٹیلنٹ ہر دور میں موجود رہا ہے، پونچھ کو صرف ایک مرتبہ قومی ہاکی چمپئن شپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اس وقت بھی ٹرافی پونچھ ڈویژن کے ہی ضلع سدھنوتی میں رہی۔ لیکن اس سب کے باوجود مرکزی ہاکی ایسوسی ایشن میں کبھی بھی پونچھ ڈویژن میں مرکزی صدارت نہیں رہی، پہلی مرتبہ پاکستانی ہاکی فیڈریشن نے نئی تنظیم کا اعلان کرتے ہوئے صدارت ضلع پونچھ کو دی ہے۔

ہاکی کے کھلاڑیوں اور شائقین نے پی ایچ ایف کے اس اقدام پرانکا خیر مقدم کیا ہے، ہاکی ایسوسی ایشن ضلع پونچھ کے صدرسردار شوکت خان اور دیگرعہدیداران نے بھی راجہ محمد مشتاق خان کی بطور صدرنامزدگی کو ضلع پونچھ کیلئے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں ہاکی کے فروغ کیلئے مرکزی ایسوسی ایشن سے بھرپور تعاون کریں گے اور کشمیر سے ہاکی کے کھلاڑیوں کو اس قا بل بنائیں گے کہ وہ قومی سطح پر نہ صرف کشمیر کی نمائندگی کریں بلکہ قومی ٹیم کا حصہ بنتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی اور کشمیر کی نمائندگی کر سکیں۔

انہوں نے سردار اظہر نذر کی پی ایچ ایف کانگریس میں بطور نمائندہ نامزدگی کو بھی احسن اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سردار اظہر نذر کا کھیلوں کے فروغ میں ایک بہترین کردار رہا ہے اور امید ہے وہ قومی سطح پر کشمیرکی بھرپور نمائندگی کریں گے۔

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: