راولاکوٹ کا مرکزی چوک شہید کشمیر مقبول بٹ، مرکزی شاہراہ سبز علی، ملی خان کے نام سے منسوب

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ نے راولاکوٹ شہر کے مرکزی چوک کو شہید کشمیر مقبول بٹ شہید اور مرکزی شاہراہ کو 1832ءکے شہداءسردار سبزعلی خان اور سردار ملی خان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چوک اور شاہراہ پر بورڈ نصب کر دیئے ہیں۔ یہ اعلانات جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی ریلی اور جلسہ کے بعد کیا گیا اور موقع پر ہی بورڈز نصب کر دیئے گئے جو پہلے سے تیار کروائے گئے تھے.

اس موقع پر چیئرمین لبریشن فرنٹ سردار محمد صغیر خان ایڈووکیٹ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید کشمیر مقبول احمد بٹ شہید نے جموں کشمیر کے مظلوم، محکوم اور مسائل زدہ عوام کے حق آزادی ،حق خودارادیت کے حصول کےلئے اور سامراجی غلامی، دولت پسندی اور سرمایہ دارانہ استحصال کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جموں کشمیر کے باسیوں کےلئے آزادی کا راستہ متعین کردیا ہے۔

آج بھی فلسفہ مقبول بٹ شہید ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے جموں کشمیر کی مکمل آزادی، خودمختاری اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ شہدائے منگ نے بھی سامراجی غلامی، جبر، استحصال اور وحشت و لاقانونیت کے خلاف یہاں کے مظلوم و محکوم انسانوں کے حقوق کی بازیابی ، آزادی کے حصول کےلئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں ، یہی وجہ ہے کہ آج کے دن ہم راولاکوٹ شہر کے مرکزی چوک کو شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان کرتے ہیں جبکہ مرکزی اور لمبی شاہراہ کو سردار سبزعلی خان اور ملی خان کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان کرتے ہیں ، تاکہ اس خطے کے حقیقی ہیروز، مزدور، مظلوم اور محکوم عوام کے حقیقی نمائندوں کی تاریخ کو نہ صرف نئی نسل تک منتقل کیا جا سکے بلکہ ان شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔

وہ شہید کشمیر مقبول بٹ شہید کے یوم شہادت کے سلسلہ میں منعقدہ احتجاجی ریلی کے اختتام پر جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر سردار خلیل خان، سردار عمر نذیر کشمیری، خواجہ خلیل کشمیری، شاہد شریف، عبداللہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کے اختتام پر چوک اور شاہراہ کو شہداءکے نام سے منسوب کئے جانے کے بورڈز بھی نصب کئے گئے۔

Posted by Wasi Aas on Tuesday, February 11, 2020

چیئرمین لبریشن فرنٹ نے مزید کہا کہ ہم کسی راجہ مہاراجہ کی شخصی ریاست کی بحالی کی جدوجہد نہیں کر رہے جو جبر کی بنیاد پر سامراجی کی کاسہ لیسی کے عوض حاصل کی گئی تھی، ہم کسی جاگیردارانہ یا سرمایہ دارانہ ریاست کی بحالی یا اسکے قیام کی جدوجہد بھی نہیں کر رہے ، ہماری جدوجہد یہاں کے مظلوم اور محکوم عوام کی آزادی کی جدوجہد ہے، جو صدیوں سے جبر اور ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، استحصال کا شکار ہیں، ہم اس خطے سے ہر طرح کے جبر، غلامی اور استحصال کے خاتمے کی جدوجہد کر رہے ہیں جو شہید مقبول بٹ کا فلسفہ تھا اور شہداءمنگ سمیت جموں کشمیر کے ہزاروں شہداءنے جس مقصد کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

ہمارا اس ریاست سے کوئی تعلق نہیں جس میں چند حکمران طبقات اقتدار پر قابض ہو کر اکثریتی عوام کو استحصال اور جبر کا نشانہ بنائیں، ہم اس خطے کے عوام کے اس خطے کے وسائل پر مشترکہ تصرف کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ایک منصوبہ بند معیشت، ایک سیکولر اور استحصال سے پاک جموں کشمیر کے قیام کی جدوجہد کر رہے ہیں، جس میں ہر مذہب، ہر قومیت، ہر نسل، ہر زبان اور ہر صنف کے انسانوںکو برابری کی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقعے دیئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک ہماری آزادی کی تحریک کی لگام ہمارے اپنے ہاتھوں میں نہیں ہو گی، اس خطے کے لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں ہو گی۔

یہی وجہ ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے سولہ اپریل کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے، جس کی رابطہ مہم زور و شور سے جاری ہے، سولہ اپریل کو ہم اس خطے کی انقلابی حکومت کی بحالی کا مطالبہ لیکر اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرینگے اور پاکستان کی پارلیمان کے ممبران کو یادداشت پیش کریں گے۔

اس جدوجہد کو ہم پاکستان اور بھارت کے مظلوم اور محکوم عوام ، ترقی پسند قوتوں کے ساتھ جوڑتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے، وہ وقت دور نہیں کہ جب اس خطے کے مظلوم و محکوم عوام تاریخ کے میدان میں اتریں گے اور نہ صرف جموں کشمیر کی حقیقی آزادی کا حصول کیا جائیگا بلکہ اس ظالم ، جابر ، مکارانہ ، سودی سرمایہ دارانہ نظام کو جڑوں سے اکھاڑتے ہوئے ایک آزاد، خوشحال اور منصفانہ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔

راولاکوٹ یوم مقبول ٹورازم چوک کو مقبول بٹ شہید کے نام سے اور منگ روڈ کو سبز علی خان و ملی خان کے نام سے منسوب کرنے کی تقریب سے سردار صغیر خان ایڈووکیٹ چئیرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ خطاب کرتے ہوئے ۔

Posted by ‎جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آفیشل‎ on Tuesday, February 11, 2020

Leave a Reply

Translate »
%d bloggers like this: