سدھنوتی: جوائنٹ سپریم کونسل کے نام سے ملازم اتحاد قائم، تمام تنظیموں کا ملکر جدوجہد کرنیکا اعلان

پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر کے ضلع سدھنوتی میں سرکاری محکمہ جات کے ملازمین کی تمام تنظیموں نے اکٹھے ہوکر ”جوائنٹ سپریم کونسل“ کے نام سے نیا اتحاد تشکیل دیا ہے،ایپکا کے ضلعی صدر سردار اکمل مسعود اتحاد کے صدر، جبکہ ضلعی صدر انجمن پٹواریاں و قانون گوئیاں سردار آصف جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ ملازمین کی تمام تنظیموں کے قائدین نے ملازمین کے حقوق کیلئے مشترکہ جدوجہد شروع کرنیکا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ ضلعی صدر مقام پلندری میں گیارہ ملازم تنظیموں کی ضلعی قیادت کے اجلاس میں انتخابی عمل مکمل کرتے ہوئے کیا گیا۔ اجلاس میں ایپکا، ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن، انجمن پٹواریان و قانون گوئیاں، فنی ملازمین برقیات، PWDمزدور یونین، AJKایمپلائز TEVTA، PWDورکرز یونین، جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن، لوکل کونسل بلدیہ، غیرجریدہ اور PTUDCکی ضلعی قیادت نے شرکت کی۔

مرکزی صدر ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن سردار افضل شاہین نے چیف الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دیے۔ جبکہ الیکشن کمیشن پینل میں خالد محمود اور عارف حسین شاہ شامل تھے۔

انتخابات کے نتائج کے مطابق جوائنٹ سپریم کونسل سدھنوتی کے صدر سردار اکمل مسعود، جنرل سیکرٹری سردار آصف، سرپرست اعلیٰ سردار افضل شاہین، چیئرمین سردار نزاکت علی، سینئر نائب صدر سردار جمیل رحیم، نائب صدر اول شاہد اسحاق، نائب صدر دوم سردار شبیر حسین، نائب صدر سوم تنویر احمد، ایڈیشنل سیکرٹری آفتاب احمد، پریس سیکرٹری سعد ناصر، سیکرٹری مالیات خواجہ محمود، رابطہ سیکرٹری سردار خالد محمود منتخب ہوئے۔

نومنتخب باڈی کا پہلا اجلاس مورخہ 22اکتوبر بروز منگل دن 2بجے ریسٹ ہاؤس پلندری میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں ملازمین کو درپیش مسائل پہ چارٹر آف ڈیمانڈ مرتب کیا جائے گا اور حکمت عملی طے کی جائے گی۔ وہ ملازم تنظیمیں جو تاحال اس اتحاد کا حصہ نہیں ہیں ان کی ضلعی قیادت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔جوائنٹ سپریم کونسل 24اکتوبر یوم تاسیس کے جلسے میں اپنی پہچان کے ساتھ بھرپور شرکت کرے گی۔