Site icon Daily Mujadala

پی ایس ایف پونچھ کی تنظیم سازی: حسیب خلیل صدر، خواجہ حسام علی جنرل سیکرٹری نامزد

جموں کشمیر پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) ضلع پونچھ کے عہدیداران کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ حسیب خلیل پی ایس ایف ضلع پونچھ کے نئے صدراور خواجہ حسام علی جنرل سیکرٹری نامزد ہو گئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل سردار ریحان سلیم کی جانب سے چیئرمین جنید عارف کی منظوری کے بعد عہدیداران کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حسیب خلیل صدر، حسن شیرازسینئر نائب صدر، سمیع گجر نائب صدر، خواجہ حسام علی جنرل سیکرٹری افراز طالب ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، عبدالودود ڈپٹی جنرل سیکرٹری، سہیل سدوزئی سیکرٹری اطلاعات، عنصر خان ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، دانیال کیانی آرگنائزر، احسام عابد ڈپٹی آرگنائزر، محمد لہراسب خان چیئرمین سٹڈی سرکل، علی جاوید چیئرمین پبلسٹی بورڈ، خرم خان سیکرٹری کوآرڈی نیشن، کاشان آصف سیکرٹری مالیات، حسیب شوکت سیکرٹری ریکارڈ نامزد ہوئے ہیں۔

جبکہ نوٹیفکیشن میں ضلع پونچھ سے سنٹرل کمیٹی کے ممبران بھی نامزد کئے گئے ہیں۔ نامزد کردہ ممبران سنٹرل کمیٹی میں اسد محمود، عمر گیلانی، ذیشان روشن، مزمل خالد، بلال بدر شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد جاری کی گئی پریس ریلیز میں سیکرٹری جنرل سردار ریحان سلیم نے تمام نئے عہدیداران کو نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ فلسفہ بھٹو ازم پر کاربند رہتے ہوئے پی ایس ایف کو منظم اور مضبوط کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ طلبہ حقوق کی بازیابی، طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے اور طلبہ یونین کی بحالی کیلئے جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کی نوید بن کر ابھریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایف اس خطے کی واحد انقلابی طلبہ تنظیم ہے جس نے محنت کش طبقے کے نظریات کی بنیاد پر نہ صرف نوجوانوں کو منظم کیا بلکہ نوجوانوں کو سائنسی سوشلزم کے عظیم آدرشوں سے لیس کرتے ہوئے طاقتور آمریتوں کا مقابلہ کیا اور محنت کشوں کا خون نچوڑنے والے نظام کے خلاف ایک لہو رنگ جدوجہد کی۔ جدوجہد کا یہ سفر جاری ہے اور آج مشکل ترین عہد میں نوجوانوں پر پہلے سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آن لائن کلاسز کے نام پر جاری لوٹ مار، تعلیم، صحت و روزگار کے کاروبار کے خلاف منظم ہو کر جدوجہد کریں اور ایک ایسے سماج کے قیام کیلئے ہر اول دستہ کا کردار ادا کریں جس میں انسان کو انسان کے ہاتھوں استحصال اور جبر و تشدد سے نجات حاصل ہو سکے اور ہر انسان کو برابر کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع میسر آسکیں۔

Exit mobile version