Site icon Daily Mujadala

بھارتی کشمیر:‌حزب کمانڈر کی گرفتاری کیلئے بڑاسرچ آپریشن، دس روز میں 25 ہلاکتیں

بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں پلوامہ ضلع میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک آپریشن کے دوران کھریو پانپور کے شارشالی علاقے میں فوج اور حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ میں ایک نوجوان کو ہلاک کردیا گیاہے۔

خبر رساں ادارے ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر فوج کے 50 آرآر، سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیاآس پاس رہنے والے رہائشیوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

اونتی پورہ میں 8 گھنٹے کے دوران یہ دوسری جھڑپ ہے۔

حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر ریاض نائکو کے ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ گاوں میں آنے کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز بشمول راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر گاوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جموں و کشمیر کے انتہائی مطلوب عسکریت پسند کمانڈر ریاض نائکو کے آبائی گاوں میں سکیورٹی فورسز نے منگل کی شام ایک بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔حزب المجاہدین کے سربراہ ریاض نائکو کی گرفتاری کے لئے بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بیگ پورہ کے علاوہ گلزار پورہ گاوں کو بھی محاصرہ میں لے لیا ہے اور یہاں بھی تلاش کاروائی چلائی گئی۔

8 جولائی 2016 کو اننت ناگ کے ضلع کوکرناگ علاقے میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حزب المجاہدین تنظیم کے پوسٹر بوائے اور کمانڈر برہان وانی کے قتل ہونے کے بعد ریاض نائیکو نے حزب المجاہدین کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق نائکو کے سر پر 12 لاکھ روپے کا انعام ہے۔

عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے سے پہلے نائکو مقامی اسکول میں استاد تھے۔ وہ 33 سال کی عمر میں بندوق اٹھانے سے پہلے پینٹنگ کے شوقین تھے۔ سکیورٹی فورسز نے نائکو کو حزب المجاہدین کے گروپ بندی ہونے کے بعد حزب کو متحد رکھنے کا ذمہ دار قرار دیا۔ جب ذاکر موسی حزب اختلاف کی صفوں سے الگ ہو گئے اور اپنا الگ الگ گروپ تشکیل دیا۔موسی نے 2017 میں حزب المجاہدین سے علیحدگی اختیار کرلی اور اس نے انصار غزوہ الہند کے نام سے اپنا ایک گروپ تشکیل دیا جس نے دعوی کیا تھا کہ وہ القاعدہ کا بھارت میں نمائندہ ہے۔

موسی 23 مئی 2019 کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں تحصیل ترال کے ڈاڈسر علاقے میں مارے گئے تھے۔

جموں وکشمیر پولیس نے منگل کے روز ضلع ڈوڈہ میں حزب المجاہدین کے ایک رکن تنویر احمد ملک ولد مرحوم جمال الدین ملک ساکن تن تانہ ڈوڈہ اور پلوامہ میں جیش محمد کے ایک رکن کو گرفتار کرنے کا دعوی کیاہے۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف کی 33 بٹالین اور پولیس کی سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک ٹیم نے منگل کی صبح ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ضلع ڈوڈہ کے شیخ پورہ گاوں سے حزب المجاہدین سے وابستہ ایک کارکن کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے ایک پستول اور گولیوں کو 10 رانڈ بھی بر آمد کئے گئے۔

سکیورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے سے ایک دکاندار کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق فورسز نے ٹان ترال سے پندرہ کلومیٹر دور ستورہ گاوں میں ایک دکاندار عبد الرشید ڈار ولد غلام محمد کے قبضے سے ایک Ak 47 برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

پولیس نے اس کے متعلق سے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔واضح رہے کہ ترال معروف عسکری کمانڈر برہان وانی کا آبائی علاقہ ہے۔

وادی کشمیر میں ماہ صیام کا پہلا عشرہ یعنی پہلے دس دن انتہائی خونین ثابت ہوئے جس دوران حریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان معرکہ آرائیوں اور دیگر مسلح تشدد کی وارداتوں میں کم از کم 25 اموات ہوئیں جن میں 14 حریت پسند، 2 حریت پسندوں کے مبینہ ساتھی و حمایتی، تین افسروں سمیت 8 سیکورٹی فورسز اہلکار اور ایک 14 سالہ جسمانی طور ناخیز طالب علم بھی شامل ہیں۔

اسی عرصے کے دوران شمال سے جنوب تک ہونے والے پراسرار دھماکوں اور گرینیڈ حملوں میں کم از کم دو درجن افراد بشمول عام شہری و سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوئے۔وادی کے اندرعسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں اور دیگر مسلح کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہے۔ دوسری طرف لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر بھی ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی تواتر کے ساتھ جاری ہے جس کے نتیجے میں حالیہ دنوں کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

Exit mobile version