بھارتی زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند یا پاکستان نواز سمجھی جانے والی پارٹیوں کے اتحاد کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیر کی سرزمین سے آخری بھارتی فوجی کے انخلا تک جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خبر رساںادارے ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے لئے ایک گیارہ نکاتی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی سرگرمی میں کشمیریوں کی شرکت قومی غداری ہوگی۔
سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام غیر ریاستی باشندیوں کو جائیدادفروخت نہ کریں نہ ہی غیر ریاستی باشندوں کو کرایہ پر مکان دیں۔تاجرحضرات بھی حکومت سے ایسا معاہدہ نہ کریں جسکی رو سے انہیں اپنی املاک کو فروخت کرنا پڑے۔اپنی مساجد، خانقاہوں اور دینی مدارس کی حفاظت کے لیے چاک و چوبند رہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی قسم کے بھارتی انتخابی ڈرامہ، بشمول پنچایت ، میونسپل ، اسمبلی اور ہندوستانی پارلیمان میں کسی بھی طریقے سے شامل ہونے سے گریز کریں ۔ ایسی کوئی بھی حرکت قومی غداری کے مترادف ہوگی۔
سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے کشمیر کے پورے خطے کا غیر معمولی اور غیر معینہ مدت کیلئے فوجی محاصرہ کر رکھا ہے جہاں مواصلاتی رابطے مکمل بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنی مزاحمت جاری رکھ کر ایک مضبوط پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اپنے آزادی کے مطالبے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔

