Site icon Daily Mujadala

پاکستان کے دیگر صوبوں‌کی نسبت کشمیر میں عوامی شکایات بہت کم ہیں، چیف سیکرٹری

پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق:
چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت پاکستان سیٹیزن پورٹل (PMDU)پر عوامی شکایات کے ازالہ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کے بروقت اور موثر جواب اور انکے ازالہ کے حوالہ سے غور وغوص کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی، سیکرٹری مالیات فرید احمد تارڑ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری اور دیگر محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ سیکرٹری سروسز ڈاکٹر لیاقت حسین چوہدری نے اجلاس کو پاکستان سیٹیزن پورٹل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مطہر نیاز رانا نے کہا کہ یہ امر ہمارے لیے خوش آئند ہے کہ دیگر صوبوں کی نسبت آزاد کشمیر میں سیٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات بہت کم ہیں۔ تاہم سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات اس بات کو یقینی بنائیں کے سیٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ کے سینئر آفیسران کو فوکل پرسن نامزد کیا جائے اور سربراہان محکمہ جات خود بھی شکایات کو مانیٹر کریں تاکہ انکا بروقت ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے گڈ گورننس کے ویژن کو عملی جامع پہنانے کے لیے اس پورٹل پر شکایات کا بروقت ازالہ ناگزیر ہے۔ اس پورٹل سے گورننس بہتر کرنے کے حوالہ سے مدد ملے گی اور عوام کے مسائل حل کیے جاسکیں گے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیکرٹری صاحبان عوامی مسائل کے حل کے لئے تواتر کے ساتھ کھلی کچہریاں لگائیں اور لوگوں کے مسائل کا جائزہ لے کر انکے حل کے اقدامات کریں جبکہ اپنے دفاتر میں بھی عوام کے مسائل سننے کے لیے وقت مختص کریں اور عوام کی شکایات کا ازالہ ہر صورت ممکن بنائیں۔ انہوں نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ دارالحکومت مظفرآباد سمیت ڈویژنل اور ضلعی سطح پر افسران اور ماتحت عملہ بروقت دفاتر میں حاضر نہیں ہوتا۔انہوں نے سیکرٹریز صاحبان، سربراہان محکمہ جات کو ہدایت کی کے وہ دفاتر میں بروقت حاضری کو یقینی بنائیں اور ماتحت دفاتر اور عملہ کو بھی پابند کریں۔اس سلسلہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل اور سیکرٹری سروسز وقتاًفوقتاًحاضریاں چیک کریں ۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ لیسوا کے بعد انتظامیہ نے بہترین انداز میں ریلیف اور ریسکیو کا کام کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور محکمہ اوقاف کو ہدایت کی کہ حالیہ مون سون سیزن کے حوالے سے عوام کو آگاہی فراہم کریں اور خطرات کے حوالہ سے پیشگی اطلاع دیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ندی نالوں کے قریب تجاوزات کو مسمار اور خطرناک جگہوں کے قریب تعمیرات پر مکمل پابندی عائد کرے۔ اسی طرح محکمہ شاہرات سلائیڈنگ والی جگہوں پر وارننگ کے سائن بورڈ نصب کرے۔ انہوں نے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ رولز آف بزنس پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعظم اور چیف سیکرٹری آفس سے جاری ہونے والی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

Exit mobile version