کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل نے انجمن تاجران سے لاک ڈاؤن کے اختتام اور شہر کھولنے کیلئے دو دن کی مہلت مانگ لی ہے، کمشنر پونچھ نے انجمن تاجران راولاکوٹ کے تمام مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے حکام بالا تک ان کے مطالبات پہنچانے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے اور حکومتی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی تاجران کو بریفنگ دی۔
کمشنر پونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل سے منتخب آل آزادکشمیر انجمن تاجران و منتخب صدرانجمن تاجران راولاکوٹ سردار افتخار فیروز کی قیادت میں تاجروں کا وفد ملاقات کر رہا تھا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ ارشد محمود جرال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور تحصیلدار راولاکوٹ بھی اجلاس میں شریک تھے، تاجروں کے وفد میں جنرل سیکرٹری حاجی اعجازحنیف، سینئر نائب صدرتنویرخالق، ڈپٹی جنرل سیکرٹری طاہر فاروق اور چیف آرگنائزرعرفان اشتیاق شامل تھے۔
سردار افتخار فیروز نے چارٹر آف ڈیمانڈ دہراتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور دیہاڑی دار مزدوروں، محنت کشوں کو سہولیات اور پیکیج دیئے بغیر حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کر کے لوگوں کو بھوکوں مرنے پر چھوڑ دیا گیاہے۔فوری طورپر ترقیاتی بجٹ کی بچی ہوئی رقم کو ریاست کے غریب شہریوں پر خرچ کرنے کیلئے پیکیج کا اعلان کیا جائے، چھ ارب سے زائد کا بجٹ ابھی بقایا ہے، اسی طرح تمام حلقہ جات کے ایم ایل ایز کے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی کرتے ہوئے صحت کی سہولیات کی فراہمی کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے پر خرچ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریاست کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے ہر طرح کے یوٹیلٹی بلز معاف کئے جائیں، تمام چھوٹے تاجروں کے قرضہ جات معاف کئے جائیں، کرایہ جات کی ادائیگی کیلئے تخمینہ جات لگائے جائیں اورمالی معاونت کی جائے، دیہاڑی داروں اورپرائیویٹ ملازمین جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے تنخواہوں سے محروم ہو گئے ہیں انہیں تنخواہوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ چھوٹے تاجروں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر انہیں ادائیگیاں کی جائیں، ڈیزل، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔تاجروں کو بلاسود قرضے دینے کا اعلان کیا جائے اور نجی سکولوں کی فیسیں بھی معاف کرنے کا اعلان کیا جائے، بصورت دیگر پیداہونے والے حالات کے ذمہ دار تاجر نہیں ہونگے۔
کمشنرپونچھ ڈویژن عبدالحمید مغل نے کہا کہ تاجروں کے تمام مطالبات جائزہیں، جنہیں حکام بالا تک پہنچایا جائے گا، شہر کھولنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے طریقہ کارپر عملدرآمد نہیں کیا جائے گا، بلکہ اس کیلئے اپنی ایس او پیز بنائی جا رہی ہیں، تاجروں کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات اعلیٰ سطح پر زیر بحث ہیں، ہمیں تاجر دو روز کی مہلت دیں جس میں ہمیں حکام بالا سے بات کرنے کے بعد تاجروں کو ایک مکمل پلان دینے کی پوزیشن میں ہونگے۔
کمشنر پونچھ ڈویژن نے کہا کہ تاجران سے بھی مشاورت کی جائے گی، رمضان میں شہر کو مکمل لاک ڈاؤن کر کے لوگ بھوکے مر جائیں گے، تاجران بھی شہر کو حفاظتی اقدامات سمیت کھولنے کے حوالے سے اپنا ایک پلان بنا کر انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں، ہم مل جل کر اس طرح کے اقدامات کریں گے تاکہ روزگار بھی متاثر نہ ہو اورشہریوں کو کورونا کی وباء سے بھی محفوظ کیاجائے۔

