Site icon Daily Mujadala

چیئرمین لبریشن فرنٹ یاسین ملک نے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا

بھارتی زیر انتظام جموں کشمیر میں زیر حراست جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف)کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ٹاڈا عدالت کے جج کے تعصب کے خلاف تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔

خبررساں ادارےساوتھ ایشین وائر کے مطابق ، محمد یاسین ملک نے سری نگر میں اپنے اہل خانہ کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں جسمانی طور پر عدالت کے سامنے پیش کرنے کا ہر قانونی حق حاصل ہے لیکن ہندوستانی حکومت کے کہنے پر جج اور سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن نے ایسا نہیں کیا۔ انہیں اجازت دی جائے کہ وہ خود ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انھیں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا ، جہاں وہ نہ تو وکلا کے دلائل سن سکے اور نہ ہی انہیں بولنے کی اجازت دی گئی۔ دہلی کی تہاڑ جیل میں زیر حراست محمد یاسین ملک نے افسوس کا اظہار کیا کہ جج ان کی بات سننے کے لئے تیار نہیں ہے ۔جے کے ایل ایف کے چیئرمین نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات دراصل سیاسی تھے اور جج کے تعصب نے کیس کو خراب اور پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ، وہ جج اور ہندوستانی حکومت کے اس آمرانہ رویے کے خلاف غیر معینہ مدت تک بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ہڑتال یکم اپریل 2020 سے شروع ہوگی۔

بھارتی زیر انتظام جموں‌کشمیر میں‌کالعدم قرار دی گئی خودمختار کشمیر کی حامی تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف)کے رہنما کے خلاف الزامات جموں کی ٹاڈا عدالت میں 1989-90 میں اس وقت کے وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کو اغوا کرنے اور انڈین ایئر فورس کے چار اہلکاروں کے قتل کے کیس زیر سماعت ہیں۔

ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پچھلے سال اکتوبر میں ، یاسین ملک کو جموں کی ٹاڈا عدالت میں پیش کیا جانا تھا لیکن تہاڑ جیل کی انتظامیہ نے انہیں عدالت میں پیش کرنے سے انکار کیا تھا ۔ تب حکام نے دعوی کیا تھا کہ وزارت داخلہ نے انہیں یاسین ملک کو کسی بھی عدالت میں پیش نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Exit mobile version