Site icon Daily Mujadala

میرپور: ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹرسلطان محمد چوہدری فاتح

MIRPUR: PTI AJK president Barrister Sultan Mahmood Chaudhry casting his vote. INP PHOTO

پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے تھری میرپور کے ضمنی انتخاب میں‌ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کامیاب ہو گئے ہیں. غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے نا اہل ہونے والے سابق وزیر چوہدری محمد سعید کے صاحبزادے چوہدری محمد صہیب سعید اس انتخاب میں دوسرے نمبر پر رہے ہیں.

ابتدائی طور پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کل 119 پولنگ اسٹیشنز سے 18079 ووٹ لیکر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کامیابی حاصل کی ہے.

حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد صہیب سعید نے 13780 ووٹ حاصل کئے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے.

پاکستان تحریک انصاف کی پاکستانی زیر انتظام جموں‌کشمیر شاخ کے صدر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے یہ انتخاب 4299 ووٹ کی برتری سے یہ انتخاب جیتا ہے.

اس حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 59494 تھی جس میں مرد ووٹوں کی تعداد 32400 اور خواتین ووٹوں کی تعداد 27004 تھی۔ ووٹنگ کاعمل صبح 8 بجے شروع ہوااور شام 5 بجے تک جاری رہا۔پانچ بجے پولنگ ختم ہوتے ہی ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا تھا۔

محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا اور انسپکٹرجنرل پولیس صلاح الدین نے حلقہ ایل اے تھری میرپورکے ضمنی انتخابات کوصاف شفاف،غیرجانبدارانہ بنانے کے لیے انتظامیہ اورپولیس کو ہدایت دے رکھی تھیں اوربراہ راست انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کررہے تھے۔

مجموعی طورپرالیکشن کے انتظامات نہایت ہی تسلی بخش تھے جس کے باعث کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی طرف سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کوشاباش اور کارکردگی کوزبردست الفاظ میں سراہا۔

حلقہ ایل اے تھری میرپور کے ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں سینئرممبرالیکشن کمیشن وجسٹس(ر) عبدالرشید سلہریا،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میاں نعیم اللہ، کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدطیب، ڈی آئی جی پولیس سردارگلفراز خان، ڈپٹی کمشنر راجہ طاہرممتاز، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم اور دیگرسول وپولیس حکام نے دن بھرپرامن اور شفاف انتخابات کی ذاتی طورپرنگرانی کی۔

پریذائیڈنگ آفیسر اور سکیورٹی سٹاف کے علاوہ کسی کوبھی موبائل فون یاالیکٹرانک ڈیوائس کے استعمال کی اجازت نہیں دی گئی۔ انتخابات کے لیے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق تمام پارٹیوں اورامیدواروں کو مکمل طورپرپابندی کی ہدایات دے رکھی تھیں تاہم بعض جگہوں پرجلوس لے جانے پرالیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کوخلاف ورزی کرنے والوں کواپنے دفترطلب کرنے کی ہدایات دیں۔

حلقہ بھرمیں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔ پولنگ بلاتعطل اوربغیرکسی وقفے کے جاری رہی۔ حق رائے دہی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کویقینی بنانے کے لیے زائدالمعیاد قومی شناختی کارڈ اورمہاجرین مقبوضہ کشمیر 1989-90 کے مہاجرکارڈز کوبھی تسلیم کیاگیا۔پولنگ اسٹیشنوں پر خواتین ووٹرزکی تعداد بھی نمایاں رہی۔ پرامن انتخابات کے لیے حلقہ کو 8 زونز اور20 سیکٹروں میں تقسیم کیاگیا۔ ہرزون کی نگرانی کے لیے الگ سے مجسٹریٹ اور پولیس تعینات کی گئی۔ کل 119 پولنگ اسٹیشن اور 175 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جہاں پولیس کی مسلح نفری تعینات کی گئی۔ مجموعی طورپر 2719 پولیس اہلکاران اور افسران نے فیلڈ ڈیوٹی سرانجام دی جبکہ 34 موبائل سکوارڈ بھی ہنگامی طورپر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی جگہ پرجانے کے لیے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کے باہردورہ کرتے رہے۔ انتخابات کے لیے قائم زونز کی نگرانی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدہ کے افسر اورسیکٹرانچارج ڈی ایس پی / اے ایس پی کے عہدہ کے افسرنے کی۔

حساس پولنگ اسٹیشن پرانسپکٹر کے عہدہ کے افسرکو20 پولیس اہلکاران کی نفری کے ساتھ تعینات کیاگیا۔ ہرسیکٹر انچارج کی نگرانی میں کم از کم15 پولنگ اسٹیشن دیئے گئے۔ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام،کمشنر، ڈی آئی جی اور دیگرضلعی اور پولیس حکام دن بھرگشت پررہے اور پرامن شفاف انتخابات کااہم اور حساس ترین معرکہ سرانجام دیا۔

واضح رہے کہ یہ حلقہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر حکومت چوہدری محمد سعید کی عدالت کی جانب سے پانچ سالہ نااہلی کے فیصلہ کے بعد خالی ہوا تھا. عام انتخابات میں چوہدری محمد سعید نے واضح اکثریت سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو شکست دیکر حلقہ سے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی.

چوہدری سعید کی نااہلی کے بعد انکے صاحبزادے چوہدری محمد صہیب سعید نے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا. وزیراعظم سمیت مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کے علاوہ پیپلزپارٹی کے ذمہ داران نے بھی صہیب سعید کی انتخابی مہم میں‌بھرپور حصہ لیا.

تاہم کامیاب ہونے والے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اپنے عہدیداران مذکورہ انتخاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مہم چلانے کی بجائے دیگر حلقہ جات اور بیرون ملک اپنی سرگرمیاں‌کرتے رہے، عہدیداران کی ایک بڑی اکثریت بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی شکست کےلئے بھی دعا گو نظر آئی.

الیکشن کے غیر حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف میرپور کے کارکنان جشن منا رہے ہیں.

Exit mobile version