بھارت کے زیر انتظام جموںکشمیر میں 113 روز سے جاری غیر یقینی صورتحال اور غیر اعلانیہ ہڑتال میں پیر کے روز دارالحکومت سرینگر کے بعض علاقوں میں صبح کے وقت دکانیں ایک بار کھل گئیں تاہم نواحی شہر کے بعض علاقوں میں بازار بند رہے اور وادی کیاطراف میں نجی ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جاری رہی۔
بھارتی حکومت کی طرف سے پانچ اگست کے جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے خلاف ہڑتال کا لامتناہی سلسلہ جاری ہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق وادی میں اگرچہ مواصلاتی اور ریل خدمات کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے لیکن انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس خدمات کی مسلسل معطلی کے باعث مختلف شعبہ ہائے حیات بالخصوص صحافیوں، طلبا اور تاجروں کو گوناگوں مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
دریں اثنا پیر کی صبح بارہمولہ۔ سرینگر ریل گاڑی خراب ہونے کے باعث بڈگام اور سرینگر کے ریلوے اسٹیشن پر بڑی تعداد میں مسافر خوارہوئے تاہم انتظامیہ نے قریب ایک گھنٹے کے بعد دوسری ریل گاڑی کا انتظام کیا۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق اس دوران وادی کو زمینی راستے سے بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر۔ جموں قومی شاہراہ پیر کے روز گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے بند رہی۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریفک)آلوک کمار نے کہا کہ کشمیر شاہراہ کو پیر کے روز ضروری مرمت کی غرض سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند رکھا گیا۔ ذرائع نے تاہم بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو گاڑیوں کو اجازت دی جارہی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں پیر کے روز بھی کہیں مکمل ہڑتال تو کہیں جزوی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق شہر سرینگر کے لالچوک وملحقہ علاقوں میں صبح کے وقت دکانیں کھلی دیکھی گئیں جبکہ نواحی شہر کے بعض علاقوں بشمول نوہٹہ میں بازار بند رہے تاہم سڑکوں پر نجی ٹرانسپورٹ کی بھر پور جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی جزوی نقل وحمل جاری رہی۔
عینی شاہدین کے مطابق سڑکوں پر چھابڑی فروش دن بھر موجود رہے جو مختلف اشیا خاص کر گرم ملبوسات اور گھریلو ساز وسامان فروخت کرنے میں مصروف دیکھے گئے۔
ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی میں پیر کے روز بھی کہیں مکمل ہڑتال تو کہیں جزوی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے۔
وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات اور قصبہ جات میں پیر کے روز جزوی ہڑتال کے باعث معمولات زندگی متاثر رہنے کی اطلاعات ہیں۔ جنوبی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور کولگام میں پیر کے روز جزوی ہڑتال سے معمولات زندگی متا ثر رہے تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ خاص کر نجی گاڑیوں کی بھر پور نقل وحمل جاری رہی۔

