بھارتی حکومت نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پتھراؤ کے واقعات میںملوث ہونے کے الزام میں765 افراد کو گرفتار کرنے کا اعتراف کیا ہے.
خبر رساں ادارے ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے یہ بھی کہا کہ 5 اگست سے پتھراؤ کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔
انہوں نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ 5 اگست 2019 سے لے کر 15 نومبر 2019 تک ، پتھراؤ / امن و امان سے متعلق 190 مقدمات میں 765 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یکم جنوری 2019 سے ، 4 اگست 2019 تک ، اس طرح کے 361 مقدمات درج ہوئے ۔
ریڈی نے کہا کہ حکومت نے پتھراؤ کے خطرے کی روک تھام کے لئے کثیر الجہتی پالیسیاں شروع کی ہیں جن میں PSA کے تحت حراست اور احتیاطی گرفتاری شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ این آئی اے نے دہشت گردی کی مالی اعانت کے معاملات میں اب تک 18 افراد پر الزامات عائد کیے ہیں۔

