Site icon Daily Mujadala

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین نے ملک بھر میں طلبہ یکجہتی مارچ کی حمایت اور بھرپور شرکت کا اعلان کردیا

پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کیمپین (پی ٹی یو ڈی سی ) کی جانب سے سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ملک بھر میں طلبہ یکجہتی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے شانہ بشانہ مارچ میں شریک ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک نے ٹریڈ یونینز کے انتہائی اہم اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی یو ڈی سی کی تمام قیادت طلبہ کے مطالبات کی ہر فورم پر حمایت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتیس نومبر جمعہ کے روز جموں کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام طلبہ یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس میں تمام طلبہ فیڈریشنز، طلبہ فرنٹس ، طلبہ کونسلز، آر ایس ایف، پی آر ایس ایف، پی آر سی ایس، جے کے این ایس ایف، پی ایس ایف، بی ایس او ، جے کے ایس ایل ایف سمیت دیگر طلبہ تنظیمیں شریک ہونگی۔

طلبہ یکجہتی مارچ کا مقصد طلبہ یونین کی بحالی اور الیکشن کے انعقاد، جامعات اور کالجز میں ہاسٹلز کی مفت فراہمی، طلبہ کی حراسگی کے خاتمے، فیسوں میں اضافہ واپس لئے جانے، ٹرانسپورٹ کی مفت فراہمی، طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے اور تعلیم، صحت اور روزگار کی ہر سطح پر مفت فراہمی کے مطالبات کو حکومت کے سامنے رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین اس احتجاجی مارچ کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور پاکستان بھر میں ہونے والے مارچ میں بھرپور شرکت کا بھی اعلان کرتی ہے۔ محنت کش طبقات ہر سطح پر طلبہ کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے جدوجہد کو مشترکہ طور پر استوار کرنے کےلئے ہر لحظہ کوشاں رہے گی۔

Exit mobile version