پیپلز نیشنل الا ئنس کے زیر اہتمام منگ میں ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو“ تحریک کے سلسلہ میں ریلی و جلسہ

”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو“ تحریک کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ایک احتجاجی ریلی اور جلسہ منعقد کیاگیا۔ریلی نے پورے بازار کا چکر لگا یا جس میں مختلف طلبہ تنظیموں اور آزادی پسند و ترقی پسند جماعتوں کے قائدین اور سینکڑوں کار کنان نے شرکت کی۔

ریلی میں بھارتی زیر انتظام کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور ریاست جموں کشمیر کی آزادی اور خود مختاری کے حق میں بھر پور نعرے بازی کی گئی۔ریلی کے اختتام پر منگ کالج چوک میں ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مقررین نے ”ریاست جموں کشمیر چھوڑ دو تحریک“کے حوالے سے عومی رابطہ مہم کے سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مقررین نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر ایک نا قابلِ تقسیم وحدت ہے اور تقسیم کشمیر کی کسی سازش کو کشمیری عوام قبول نہیں کرے گی۔بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آرٹیکل 370اور 35Aکے خاتمے اور مسلسل 02ماہ سے کرفیو اور لاک ڈاؤن کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاست اپنے بدترین فوجی جبر کے باوجود بھی کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو نہیں کچل سکتی۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بھارتی زیر انتظام کشمیر کے ساتھ ساتھ منقسم ریاست کے تمام خطوں میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کو بحال کرتے ہوئے کشمیریوں کو آر پار آنے جانے کی اجازت دی جائے اور ریاست جموں کشمیر سے فوجی انخلاء کرتے ہوئے ریاستی عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا اختیار دیا جائے۔سیز فائر لائن پر گولہ باری بند کی جائے اور وہاں کی عوام کو ابتدائی صحت کی سہولیات فوری فراہم کی جائیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ PNAکے پلیٹ فارم سے ریاست بھر کے طلبہ،نوجوانو ں اور دیگر عوامی پرتوں کو ساتھ ملاتے ہوئے21اکتوبر کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے تمام قافلے مظفرآباد پہنچیں گے اور ایک آزاد اور خود مختار آئین ساز اسمبلی کے قیام،ریاستی عوام کے غصب شدہ حقوق،حق ِ حکمرانی اور تمام وسائل پر ریاستی عوام کی اجتماعی ملکیت کے مطالبات کے حصول کی خاطر مظفرآباد میں اجتماع کیا جائے گا اور مقتدر طاقتوں سے پر امن سیاسی جدوجہد کے ذریعے مطالبات کو منواتے ہوئے مظفرآباد کو حقیقی بیس کیمپ بناتے ہوئے پوری ریاست جموں کشمیر کی آزادی اور خود مختاری کیلئے دنیا بھر کے عوامی اور سفارتی محازوں پر جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔

مقررین میں JKNAPکے صدر سردار لیاقت حیات،سروراجیہ انقلابی پارٹی کے جنرل سیکریٹری سجاد افضل،JKNSFآزاد کے صدر یاسر یونس،JKLFکے مرکزی رہنما ناصر سرور،JKNSFکے مرکزی سیکریٹری جنرل یاسر حنیف،JKNSFکے مرکزی رہنما خلیل بابر،KSLFکے مرکزی رہنما اسد شان،JKLF(یاسین)کے رہنما ارباب ایڈووکیٹ،سروراجیہ انقلابی پارٹی کے رہنما عقیل بشارت،عبدالخاق،JKSLFکے رہنما عظمت امجد،طالب علم رہنما حسان رفیق اور عدیل کے علاوہ دیگر شامل تھے جبکہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض شاہ زیب اختر نے سر انجام دیئے۔

Leave a Reply

%d bloggers like this: